نئی دہلی
سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ حفاظتی ضوابط نافذ کرنے کے بہانے اتر پردیش میں کوچنگ اداروں کے خلاف کارروائی کرکے عوام کو ہراساں کر رہی ہے۔ان کا یہ بیان حال ہی میں لکھنؤ کے علی گنج علاقے کی ایک عمارت میں لگنے والی آگ کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس حادثے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جس کے بعد اتر پردیش حکومت نے ریاست بھر میں ایک خصوصی مہم شروع کی ہے۔
حکام نے ریاست کے مختلف کوچنگ مراکز کا معائنہ تیز کر دیا ہے، متعدد اداروں کو سیل کیا گیا ہے اور آگ سے تحفظ اور عمارت سازی کے ضوابط کی مبینہ خلاف ورزیوں پر نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
بدھ کی رات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں اکھلیش یادو نے کہا کہ اب بی جے پی حکومت 'کوچنگ بندی' بھی لے آئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اپنے بدعنوانی کے معاملات چھپانے کے لیے حفاظتی معیارات کے نام پر عوام کو پریشان کر رہی ہے۔ یہ درست ہے کہ حفاظت کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے، لیکن کیا حکومت گزشتہ دس برسوں سے سو رہی تھی؟ حکومت کے پاس اچانک اتنا عملہ کہاں سے آ گیا کہ پورے صوبے میں ہزاروں افراد کو جانچ کے بعد نوٹس تھما دیے گئے؟
اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ حقیقت یہ ہے کہ اب حفاظتی معیارات اور مختلف اجازت ناموں کے نام پر کروڑوں روپے کی وصولی کا کھیل شروع ہو چکا ہے۔ بی جے پی والے ہر آفت میں اپنے لیے دولت کمانے کا راستہ تلاش کر لیتے ہیں۔اکھلیش یادو نے مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ پر اس کارروائی کے اثرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کوچنگ اداروں کو بند کرنے سے ان لاکھوں بچوں کا کیا ہوگا جو مختلف امتحانات کی تیاری کر رہے ہیں؟ اس سے بہتر یہ ہوتا کہ نوٹس جاری کرکے فوری طور پر حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی جاتی، تاکہ کرائے کے مکانوں میں رہنے والے طلبہ اپنے کورس وقت پر مکمل کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی 'کوچنگ بندی' سے مہنگائی سے پہلے ہی پریشان عوام کے اخراجات مزید بڑھ جائیں گے۔حکمران جماعت پر تنقید کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ اگر بی جے پی اپنی 'بدعنوانی بندی' کر دے تو ہر مسئلے کا حل نکل آئے گا۔