تھائی لینڈ کی ملکہ مدر سری کٹ انتقال کر گئیں

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-10-2025
تھائی لینڈ کی ملکہ مدر سری کٹ انتقال کر گئیں
تھائی لینڈ کی ملکہ مدر سری کٹ انتقال کر گئیں

 



بینکاک / آواز دی وائس
تھائی لینڈ کی سابق ملکہ سری کت 93 برس کی عمر میں بیماری کے باعث انتقال کر گئی ہیں۔ وزیرِاعظم کے دفتر کے پبلک ریلیشنز ڈپارٹمنٹ نے ہفتے کے روز ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ سابق ملکہ سری کت کافی عرصے سے خون کے انفیکشن میں مبتلا تھیں۔ محکمے نے اپنے بیان میں کہا کہ طبی ماہرین کی بھرپور کوششوں کے باوجود اُن کی حالت بتدریج بگڑتی گئی، یہاں تک کہ جمعہ، 24 اکتوبر 2025 کو رات 9 بج کر 21 منٹ پر اُنہوں نے چولا لونگ کورن اسپتال (تھائی ریڈ کراس سوسائٹی) میں پُرسکون انداز میں آخری سانس لی۔ اُن کی عمر 93 برس تھی۔
سری کت کِتیاکارا 12 اگست 1932 کو پیدا ہوئیں۔ اُن کی سالگرہ تھائی لینڈ میں “مدرز ڈے” کے طور پر منائی جاتی ہے اور یہ قومی تعطیل کا دن ہے۔
اُن کی شادی 18 برس کی عمر میں کنگ بھومی بول سے ہوئی، جو بعد میں چکری خاندان کے نویں بادشاہ (راما نائن) کے طور پر تخت نشین ہوئے۔ انہیں دنیا کی سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والی "ملکہ کنسورٹ" سمجھا جاتا ہے۔ کنگ بھومی بول دنیا کے سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے سربراہِ مملکت تھے۔ وہ 2016 میں وفات پا گئے، جس کے بعد جوڑے کے بیٹے، کنگ مہا وجیرا لونگ کورن نے تخت سنبھالا۔
ملکہ سری کت 2012 میں فالج کا شکار ہونے کے بعد شاذ و نادر ہی عوامی طور پر نظر آئیں۔ انہوں نے جنوبی تھائی لینڈ میں بدھ مت تنظیموں کی سرپرستی کی، تھائی دستکاری کو فروغ دیا اور “سپورٹ فاؤنڈیشن” کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا تاکہ دیہی خواتین کو اپنے بنائے ہوئے مصنوعات جیسے کپڑے اور دیگر اشیاء کی تیاری و فروخت میں مدد مل سکے۔ ملکہ سری کت نے اپنے شوہر کے زیرِ سرپرستی سینکڑوں ترقیاتی منصوبوں کا بھی دورہ کیا۔
اپنی خوبصورتی، نفاست اور فیشن کے ذوق کے باعث وہ 1960 کی دہائی میں چار بار بین الاقوامی “بیسٹ ڈریسڈ لسٹ” میں شامل ہوئیں، جو دنیا کے سب سے خوش لباس افراد کی باوقار فہرست ہے۔ رپورٹ  کے مطابق اگرچہ تھائی لینڈ کی آئینی بادشاہت کو براہِ راست سیاسی طاقت حاصل نہیں، مگر وہ ملک میں غیر معمولی اثر و رسوخ رکھتی ہے۔
ملکہ سری کت کے پسماندگان میں تین بیٹیاں، ایک بیٹا اور ایک بہن، بُسبا کِتیاکارا سَتھاناپونگ شامل ہیں۔