پشاور
پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بدھ اور جمعرات کو ملک کے شورش زدہ صوبہ خیبر پختونخوا میں کیے گئے مسلسل آپریشنز کے دوران 23 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے دتہ خیل، اسپن وام اور بنوں سمیت مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کیں، جہاں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فوج کے میڈیا ونگ کے مطابق ان کارروائیوں میں 23 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مطلوب دہشت گرد جان میر عرف تور ساکب بھی ان آپریشنز کے دوران ہلاک ہوا، جس سے علاقے میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
ساکب سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں مبینہ ملوث ہونے کے باعث مطلوب تھا۔فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) اور دیسی ساختہ بم برآمد کیے گئے ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی جانب سے مبینہ طور پر استعمال کیے جانے والے زیرِ زمین سرنگوں اور بنکروں کے ایک نیٹ ورک کا بھی سراغ لگا کر اسے تباہ کر دیا۔
متاثرہ علاقوں میں باقی ماندہ دہشت گردوں کی تلاش اور ان کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔پاکستان نے اپنے "عزمِ استحکام" آپریشن کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی پیدا کر دی ہے۔