نئی دہلی : دہشت گردی کے خلاف اجتماعی عالمی کارروائی کی بڑھتی ہوئی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، میجر جنرل کلویَر سنگھ، کمانڈر کاؤنٹر انسرجنسی اینڈ جنگل وارفیئر اسکول، نے بدھ کے روز کہا کہ اے ڈی ایم ایم-پلس فریم ورک ایشیا پیسفک خطے میں کثیر فریقی تعاون کے ایک مضبوط ستون کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔
بدھ کو بھارت اور ملائیشیا کی مشترکہ صدارت میں منعقدہ 16ویں آسیان ڈیفنس منسٹرز میٹنگ-پلس (اے ڈی ایم ایم پلس) کے انسدادِ دہشت گردی سے متعلق ماہرین کے ورکنگ گروپ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فورم اس سنجیدگی کی عکاسی کرتا ہے جس کے ساتھ شریک ممالک دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا کر رہے ہیں۔
اجلاس میں شریک مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل سنگھ نے کہا، انسدادِ دہشت گردی محض ایک تکنیکی یا عسکری مسئلہ نہیں ہے۔ یہ ایک ایسا معاملہ ہے جو ہر شہری کی زندگی، ہمارے معاشروں کے استحکام اور ہمارے خطے کے مستقبل کو متاثر کرتا ہے۔ ہم آج یہاں اس مشترکہ مقصد کے ساتھ جمع ہوئے ہیں کہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام، ان کا مؤثر جواب دینے اور ان کے بعد بحالی کی اپنی اجتماعی صلاحیت کو مضبوط بنایا جائے۔
انہوں نے کہا، "دہشت گردی بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے سب سے مستقل اور تیزی سے بدلنے والے خطرات میں سے ایک بنی ہوئی ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں میں ہم نے اس کے مختلف پہلوؤں میں ارتقا دیکھا ہے اور اس کے اعداد و شمار تشویشناک ہیں۔ پچھلے بیس برسوں میں دنیا بھر میں دہشت گردی کے باعث چار لاکھ سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دنیا میں صرف 64 ممالک ایسے ہیں جو دہشت گردی کے اثرات سے محفوظ ہیں۔ اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل سنگھ نے کہا کہ دہلی میں منعقد ہونے والا یہ ماہرین کے ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس ہے، جبکہ پہلا اجلاس گزشتہ برس منعقد ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیبل ٹاپ ایکسرسائز (ٹی ٹی ایکس) کے لیے حتمی منصوبہ بندی کانفرنس رواں سال کے آخر میں ملائیشیا میں منعقد کی جائے گی، جہاں شریک وفود آسیان رکن ممالک میں رائج انسدادِ دہشت گردی کے طریقۂ کار اور عملی حکمتِ عملیوں کا مطالعہ کریں گے۔
انہوں نے کہا، "ٹی ٹی ایکس سے حاصل ہونے والے نتائج کو فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز (ایف ٹی ایکس) کے ذریعے عملی شکل دی جائے گی، جس کے اگلے سال بھارت میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔ ہم ٹی ٹی ایکس سے اسباق حاصل کریں گے اور پھر جو فریم ورک تیار ہوگا، اسے اگلے سال میزورم میں کاؤنٹر انسرجنسی اور جنگل وارفیئر اسکول میں منعقد ہونے والی ایف ٹی ایکس کے دوران زمینی سطح پر نافذ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اے ڈی ایم ایم-پلس اجلاس کے اختتام پر تمام شریک ممالک کی بہترین عملی حکمتِ عملیوں پر مشتمل ایک جامع دستاویز جاری کی جائے گی۔ ان کے مطابق، یہ کتابچہ ممالک کو ایک دوسرے کے عملی تجربات سے سیکھنے میں مدد دے گا اور ایک مشترکہ آسیان انسدادِ دہشت گردی فریم ورک کی جانب پیش رفت کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے کہا،اس کے بعد ہم ایک مشترکہ پروٹوکول، یعنی آسیان کاؤنٹر ٹیررازم ٹریٹی (اے سی ٹی ٹی)، کی جانب بڑھیں گے تاکہ ہم ان فریم ورکس کی پابندی کریں اور انسدادِ دہشت گردی کی ان مشقوں کو آگے بڑھائیں جن کا ہم ارادہ رکھتے ہیں۔