نئی دہلی
مرکزی حکومت نے قومی اہلیت و داخلہ امتحان (نیٹ-یو جی) 2026 کی دوبارہ آزمائش سے قبل منگل کے روز ٹیلی گرام ایپ پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے مطابق یہ اقدام نقل مافیا اور دھوکہ دہی کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کے طور پر اٹھایا گیا ہے۔
این ٹی اے کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت (میٹی) نے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کی دفعہ 69 اے کے تحت حکم جاری کیا ہے، جس کے مطابق ہندوستان میں ٹیلی گرام پلیٹ فارم تک رسائی ایک محدود اور مخصوص مدت کے لیے معطل رہے گی۔یہ پابندی 22 جون 2026 تک نافذ العمل رہے گی، جس میں نیٹ (یو جی) 2026 کی دوبارہ آزمائش کا دن اور اس کے فوراً بعد کا عرصہ بھی شامل ہے۔
این ٹی اے نے ایک بیان میں کہا کہ ایک علیحدہ ہدایت کے تحت ٹیلی گرام کو ہندوستان میں پہلے سے پوسٹ کیے گئے پیغامات میں ترمیم (ایڈیٹ) کرنے کی سہولت بھی 30 جون 2026 تک معطل رکھنی ہوگی۔
ایجنسی کے مطابق یہ فیصلہ پلیٹ فارم کی ایک مخصوص تکنیکی خصوصیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، جس کا مبینہ طور پر قومی سطح کے امتحانات سے متعلق بعد میں جعلی "پرچہ لیک" کے ثبوت تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
این ٹی اے نے کہا کہ یہ دونوں اقدامات عوامی نظم و ضبط برقرار رکھنے کے مفاد میں کیے گئے ہیں۔ ان کا مقصد 21 جون 2026 کو ہونے والی نیٹ (یو جی) 2026 کی دوبارہ آزمائش میں شریک امیدواروں کو دھوکا دینے کے لیے نقل مافیا کی جانب سے ٹیلی گرام کے منظم استعمال کو روکنا ہے۔
ایجنسی نے طلبہ کے مفاد میں کی گئی اس فوری کارروائی پر الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے 21 جون کو ایک "محفوظ اور منصفانہ امتحان" منعقد کرانے میں مدد ملے گی۔قابلِ ذکر ہے کہ 3 مئی کو منعقد ہونے والا میڈیکل داخلہ امتحان نیٹ مبینہ بے ضابطگیوں اور بدعنوانیوں کے الزامات کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔
اب اس امتحان کی دوبارہ آزمائش 21 جون 2026 کو منعقد کی جائے گی۔