وادی کشمیر میں درجہ حرارت صفر سے نیچے گرا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-12-2025
وادی کشمیر میں درجہ حرارت صفر سے نیچے گرا
وادی کشمیر میں درجہ حرارت صفر سے نیچے گرا

 



سری نگر/ آواز دی وائس
آسمان صاف رہنے کے باعث کشمیر کے بیشتر علاقوں میں درجۂ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں پوری وادی میں رات کا پارہ نقطۂ انجماد سے نیچے چلا گیا ہے۔ یہ جانکاری محکمۂ موسمیات نے دی۔
محکمۂ موسمیات کے حکام نے ہفتہ کے روز بتایا کہ نئے سال کے آس پاس وادی میں بارش اور برف باری کے ایک اور دور کا امکان ہے۔ حکام کے مطابق، جمعہ کی رات سری نگر میں کم از کم درجۂ حرارت منفی 2.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس سے ایک رات قبل منفی 0.2 ڈگری سیلسیس کے مقابلے میں تقریباً تین ڈگری کم ہے۔ وسطی کشمیر کا مشہور سیاحتی مقام سونمرگ جموں و کشمیر میں سب سے سرد مقام رہا، جہاں کم از کم درجۂ حرارت منفی 5.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ اس سے ایک دن پہلے یہاں درجۂ حرارت منفی 4.7 ڈگری سیلسیس تھا۔
جنوبی کشمیر کا سیاحتی مقام پہلگام، جو سالانہ امرناتھ یاترا کے بیس کیمپوں میں سے ایک ہے، منفی 4.8 ڈگری سیلسیس کے ساتھ دوسرا سب سے سرد مقام رہا۔ وہیں شمالی کشمیر کے معروف اسکی ریزورٹ گلمرگ میں کم از کم درجۂ حرارت منفی 4.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر علاقوں میں قاضی گنڈ میں کم از کم درجۂ حرارت منفی 2.8 ڈگری، کوکرناگ میں منفی 0.9 ڈگری اور کپواڑہ میں منفی 3.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ کشمیر میں 29 دسمبر تک موسم زیادہ تر خشک رہے گا، جبکہ نئے سال کے آس پاس بارش اور برف باری کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق 30 دسمبر کو چند مقامات پر اور 31 دسمبر و یکم جنوری کو کئی علاقوں میں ہلکی بارش یا برف باری ہو سکتی ہے۔ شمالی اور وسطی کشمیر کے کچھ درمیانی اور بلند علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح 2 جنوری کو بھی بعض بلند علاقوں میں ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔