بس حادثہ ۔ میتوں کو واپس لایا جائے۔ رشتے داروں کا مطالبہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-11-2025
 بس حادثہ ۔ میتوں کو واپس لایا جائے۔ رشتے داروں کا مطالبہ
بس حادثہ ۔ میتوں کو واپس لایا جائے۔ رشتے داروں کا مطالبہ

 



تلنگانہ-سعودی عرب میں بس حادثے کے متاثرین کے رشتہ داروں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ میتوں کو واپس لایا جائے۔حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ان افراد کے اہل خانہ نے مرکز اور تلنگانہ حکومت سے درخواست کی ہے کہ انہیں سعودی عرب جانے کی اجازت دی جائے اور وہیں سے میتوں کو واپس لانے کے انتظامات کیے جائیں۔اطلاعات کے مطابق 40 سے زیادہ افراد عمرہ کی ادائیگی کے بعد مکہ سے مدینہ کے راستے سفر کر رہے تھے کہ ان کی بس میں آگ لگ گئی۔ زیادہ تر مسافر حیدرآباد کے تھے۔

حیدرآباد کے رہائشی مفتی آصف اللہ قاسمی نے بتایا کہ ان کے خاندان کے 7 افراد عمرہ کے لیے سعودی عرب گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اور اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے ان سے بات کی ہے اور مزید معلومات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ایک اور مقامی شخص نے بتایا کہ ان کے خاندان کے 5 افراد اس حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ میتوں کو ہندوستان واپس لانے کے لیے فوری انتظامات کیے جائیں۔

عینی شاہدین کے مطابق بس میں 42 افراد سوار تھے۔ محلے کے ایک بچے شعیب نے شیشہ توڑ کر جان بچائی۔ ڈرائیور بھی نیچے کود گیا۔ شعیب کے سر پر چوٹ آئی ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔ایک اور شہری محمد تحسین نے بتایا کہ ان کے خاندان کے 7 افراد عمرہ کے بعد مکہ سے مدینہ جا رہے تھے کہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ میتوں کو واپس لایا جائے۔

اسد الدین اویسی نے بھی گہرے غم کا اظہار کیا ہے اور حکومت ہند سے درخواست کی ہے کہ میتوں کو واپس لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے کے نائب سربراہ ابو ماثن جارج سے بات کی ہے اور مسافروں کی تفصیلات سفارت خانے اور وزارت خارجہ کو بھیج دی ہیں۔وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ ریاض میں ہندوستانی سفارت خانہ اور جدہ کا قونصلیٹ متاثرہ خاندانوں کی پوری مدد کر رہا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔