رنگا ریڈی/آواز دی وائس
منگل کے روز اسپیشل آپریشن ٹیموں نے رنگا ریڈی ضلع کے مادھا پور علاقے میں ایک منشیات کی پارٹی پر چھاپہ مار کر کارروائی کی۔ مادھا پور پولیس کے مطابق، گیارہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ہم نے گیارہ افراد کو حراست میں لیا ہے اور معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔ مزید معلومات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔
اسی دوران ایک اور واقعے میں، سی بی آئی عدالت، حیدرآباد، تلنگانہ نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کی چندولال بارادری برانچ، حیدرآباد کے کمپیوٹر آپریٹر وی. چلپتی راؤ کو بینک فراڈ کے مقدمے میں دو سال کی سخت قید اور 36 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) نے یہ مقدمہ 1 مئی 2002 کو وی. چلپتی راؤ اور تین دیگر افراد کے خلاف درج کیا تھا۔ الزام تھا کہ 1996 سے 2000 کے درمیان ملزم وی. چلپتی راؤ نے اُس وقت کے برانچ مینیجر پی. پی. کرشنا راؤ اور دو نجی ملزمین — وراجا (چلپتی راؤ کی اہلیہ) اور کلیم پاشا — کے ساتھ مجرمانہ سازش رچی، اور جعلی و فرضی دستاویزات کی بنیاد پر ’’بگ بائے لون‘‘ کی منظوری اور اجرائی کے ذریعے تقریباً 50 لاکھ روپے کا ناجائز مالی فائدہ حاصل کیا۔
راؤ 2005 سے مفرور تھا، جس کے بعد اُس کے خلاف مقدمات کو علیحدہ نمبرات CC Nos. 08/2006 اور 09/2006 کے تحت تقسیم کیا گیا۔ دیگر ملزمین کے خلاف مقدمات پہلے ہی نمٹا دیے گئے تھے۔ عدالت نے تیز رفتاری سے سماعت مکمل کرتے ہوئے 31 اکتوبر 2025 کو ملزم کو مجرم قرار دے کر سزا سنائی۔