پرشانت کشور کا تیجسوی یادو پر طنز

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-11-2025
پرشانت کشور کا تیجسوی یادو پر طنز
پرشانت کشور کا تیجسوی یادو پر طنز

 



بھوچپور/ آواز دی وائس
جن سوراج کے بانی پرشانت کشور نے منگل کے روز راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو پر تنقید کرتے ہوئے ان کے انتخابی وعدوں کا مذاق اڑایا اور کہا کہ وہ بہار اسمبلی انتخابات میں شکست کے لیے تیار ہیں، اس لیے انہیں ’’ریٹائرمنٹ کے بعد‘‘ کے منصوبے کا اعلان کر دینا چاہیے۔
آر جے ڈی رہنما کے انتخابی وعدوں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے جن سوراج پارٹی (جے ایس پی) کے بانی پرشانت کشور نے بھوچپور میں اپنی پارٹی کے امیدوار کے حق میں انتخابی مہم کے دوران کہا کہ تیجسوی یادو کو یہ بتانا چاہیے کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد کیا کریں گے۔ وہ الیکشن ہار رہے ہیں، اس لیے کچھ بھی کہہ رہے ہیں۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی مہم کے آخری دن ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے ایک بار پھر کہا کہ اگر مہاگٹھ بندھن کو اقتدار ملا تو مجوزہ ’مائی بہن مان یوجنا‘ کے تحت خواتین کے کھاتوں میں 30 ہزار روپے منتقل کیے جائیں گے۔
یادو نے کہا کہ کئی خواتین ’ماں بہن مان یوجنا‘ کے اعلان سے خوش ہیں، کیونکہ انہیں مہنگائی کے اس دور میں کچھ معاشی راحت ملے گی۔ ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہماری مائیں اور بہنیں ہی ہماری حکومت بنائیں گی۔ مکر سنکرانتی بھی قریب ہے، جو لوگوں کے لیے نئے سال کا آغاز ہوتا ہے، یہ 14 جنوری کو آتی ہے۔ ہم حکومت بنائیں گے اور ’ماں بہن مان یوجنا‘ کے تحت خواتین کے کھاتوں میں پورے سال کے لیے 30 ہزار روپے جمع کریں گے۔ آر جے ڈی رہنما نے مزید کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں خواتین کو کچھ مالی مدد ملے گی۔ پانچ سال میں ایک خاتون کو 1.5 لاکھ روپے اور ایک سال میں 30 ہزار روپے ملیں گے، جو 14 جنوری کو ادا کیے جائیں گے۔
تیجسوی یادو نے عالمی بینک کے تعاون سے چلنے والے بہار رورل لائیولیہوڈ پروجیکٹ (بی آر ایل پی) کے تحت کام کرنے والی ’’جیویکا دیدیوں‘‘ کے لیے بھی وعدے دہرائے، جن میں ماہانہ 2000 روپے وظیفہ، 5 لاکھ روپے کا بیمہ، اور خواتین کے قرضوں پر سود کی معافی شامل ہے۔ یہ تمام وعدے مہاگٹھ بندھن کے منشور میں درج ہیں، جن کا مقصد ریاست بھر کی خواتین کو مالی امداد اور فلاحی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
سرکاری ملازمین کے لیے تیجسوی یادو نے وعدہ کیا کہ ان کی تقرری ان کے آبائی ضلع سے 70 کلومیٹر کے دائرے میں ہی کی جائے گی۔ مہاگٹھ بندھن، جس کی قیادت راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور کانگریس کر رہے ہیں، نے 28 اکتوبر کو اپنا منشور ’’بہار کا تیجسوی پرن‘‘ کے عنوان سے جاری کیا، جس میں انتخابات سے قبل کئی اہم وعدے کیے گئے ہیں۔ اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ حکومت بننے کے 20 دن کے اندر ایک قانون پاس کیا جائے گا، جس کے تحت ریاست کے ہر خاندان کے ایک رکن کو سرکاری نوکری دی جائے گی۔ 2025 کے انتخابات سے قبل بہار میں اصل مقابلہ قومی جنتانترک اتحاد (این ڈی اے) ۔  جس میں بی جے پی، جے ڈی یو، ایچ اے ایم ایس، اور ایل جے پی (آر وی) شامل ہیں ۔ اور مہاگٹھ بندھن جس میں آر جے ڈی، کانگریس، وی آئی پی، اور بائیں بازو کی جماعتیں شامل ہیں کے درمیان ہے۔
اس کے علاوہ، پرشانت کشور کی ’’جن سوراج‘‘ پارٹی نے بھی ریاست کی تمام 243 نشستوں پر امیدوار کھڑا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسمبلی انتخابات دو مرحلوں میں 6 اور 11 نومبر کو ہوں گے، جبکہ نتائج 14 نومبر کو جاری کیے جائیں گے۔