پٹنہ/ آواز دی وائس
راشٹریہ جنتا دل کے رہنما اور مہاگٹھ بندھن کے وزیرِ اعلیٰ کے امیدوار تیجسوی یادو نے اتوار کے روز وعدہ کیا کہ اگر مہاگٹھ بندھن اقتدار میں آیا تو بہار میں وقف ایکٹ کو منسوخ کر دیا جائے گا۔سیما نچل کی چار اسمبلی نشستوں پر انتخابی مہم کے دوران تیجسوی نے کہا کہ یہ الیکشن آئین اور کثرتیت کو بچانے کی لڑائی ہے۔انہوں نے مختلف ریلیوں میں کہا کہ اگر ہماری حکومت بنی تو ہم وقف کو کچرے کے ڈبے میں پھینک دیں گے۔ کشن گنج میں تیجسوی نے کہا کپہ یہ ملک سب کا ہے ۔ ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی — سب نے اس کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ آئین سب کو برابر کے حقوق دیتا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ پارلیمنٹ نے اپریل میں وقف (ترمیمی) ایکٹ منظور کیا تھا۔ ستمبر میں سپریم کورٹ نے اس ایکٹ کے کچھ حصوں پر عبوری روک لگائی تھی، جن میں ضلع کلکٹرز کو وقف جائیدادوں پر وسیع اختیارات دینے اور وقف بنانے کے لیے پانچ سال تک اسلام پر عمل کرنے کی لازمی شرط شامل تھی۔ عدالت نے مرکزی وقف کونسل اور ریاستی وقف بورڈز میں غیر مسلم اراکین کی تعداد بھی محدود کر دی تھی۔
تیجسوی یادو کا نتیش کمار پر حملہ
تیجسوی یادو نے نتیش کمار پر زبردست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستانی جنتا پارٹی (بی جے پی) اور آر ایس ایس کے لیے زمین تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی ایک ایسی پارٹی ہے جس نے کبھی اپنی نظریات سے سمجھوتہ نہیں کیا۔ لالو جی نے کبھی فرقہ پرست طاقتوں کے آگے سر نہیں جھکایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمارے چچا نتیش کمار پالا بدل کر بی جے پی میں چلے گئے ہیں۔ اگر بہار میں بی جے پی کے لیے کسی نے جگہ بنائی ہے، تو وہ نتیش کمار ہیں۔ اگر بہار میں آر ایس ایس کو کسی نے زمین پر اتارا ہے، تو وہ نتیش کمار ہیں۔
تیجسوی نے کہا کہ جب ہماری حکومت تھی، آر ایس ایس کی ہمت نہیں تھی کہ وہ یہاں آکر فساد بھڑکائے۔ ہم کبھی جھکے نہیں۔ انہوں نے ریاستی انتظامیہ پر الزام لگایا کہ سیما نچل کو جان بوجھ کر نظرانداز کیا جا رہا ہے، جو ملک کا سب سے غریب علاقہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس تھانوں اور بلاک دفاتر میں بدعنوانی نے عوامی خدمات کو رشوت خوری کے شکنجے میں جکڑ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بغیر رشوت دیے کچھ نہیں ہوتا، لوگ بدعنوانی سے تباہ ہو رہے ہیں۔
امت شاہ نے مجھے دھمکی دی تھی: تیجسوی یادو
تیجسوی یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر مرکزی ایجنسیوں کے ذریعے انہیں ڈرانے دھمکانے کا الزام بھی لگایا۔ انہوں نے کہا کہ امت شاہ نے پٹنہ میں مجھے دھمکی دی تھی کہ تیجسوی کو سبق سکھاؤ تاکہ وہ اگلا انتخاب لڑنے سے پہلے سوچے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ لالو پرساد یادو کے دورِ حکومت میں بہار میں لال کرشن اڈوانی کو گرفتار کیا گیا تھا، اور کہا کہ جب لالو جی کو اپنے بڑوں سے ڈر نہیں لگا، تو ان کے بیٹے کو کیوں لگے گا؟ انہوں نے مزید کہا کہ نائب وزیرِ اعلیٰ کے طور پر اپنے 17 ماہ کے دورِ کار میں انہوں نے چار لاکھ کنٹریکٹ اساتذہ کو مستقل کیا، اور بہار کے ہر گھر میں ایک سرکاری نوکری دینے کے وعدے کو دہراتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ہماری اسکیموں کی نقل کر رہی ہے — کبھی پنشن بڑھا کر، کبھی 125 یونٹ مفت بجلی دے کر۔ پچھلے 20 سالوں میں انہیں عوام کو 10 ہزار دینے کی فکر نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے ۔ آپ کو اپنے خاندان میں ایک سرکاری نوکری چاہیے یا رشوت کے طور پر 10 ہزار روپے؟