پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو لگاتار اعلانات کر رہے ہیں۔ اتوار (26 اکتوبر) کو انہوں نے ایک بڑا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنی تو بہار میں پنچایت نمائندوں کو پنشن اور 50 لاکھ روپے کا بیمہ کور دیا جائے گا۔
تیجسوی یادو نے پٹنہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم تیز ہو گئی ہے اور بہار تبدیلی کے لیے بے چین ہے۔ انہوں نے موجودہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر طنز کرتے ہوئے کہا، "بہار میں پچھلے 20 سال سے خستہ حال حکومت ہے، اب عوام تبدیلی چاہتی ہے۔ ہم جہاں بھی جا رہے ہیں، تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگ بڑی تعداد میں ہمارا ساتھ دے رہے ہیں۔
" انہوں نے کہا کہ عوام اس حکومت سے تنگ آ چکی ہے۔ ریاست میں بدعنوانی اور جرائم اپنی انتہا پر ہیں، اور لوگ بی جے پی کی حقیقت سمجھ چکے ہیں۔ بی جے پی اور امت شاہ پر حملہ کرتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ "بہار میں جان بوجھ کر فیکٹریاں لگنے نہیں دی گئیں۔"
اپنی سابق حکومت کی کارکردگی بتاتے ہوئے انہوں نے کہا: "ہماری حکومت کے صرف 17 مہینوں میں بہت کام ہوا تھا، اگر چچا جی پلٹ نہ گئے ہوتے تو مزید ترقی ہوتی۔" کانگریس اور مہاگٹھ بندھن کے تعلق سے تیجسوی نے کہا کہ وہ سب مل کر انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور جلد ہی راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کے ساتھ بھی مہم شروع ہوگی۔
انہوں نے کہا: "میں نے کسی کا نقصان نہیں کیا، نہ ہی کسی کو مجھ سے شکایت ہے۔ بہار کے عوام نے پچھلی حکومت کو 20 سال دیے، اب ہم صرف 20 مہینے مانگ رہے ہیں۔" تیجسوی یادو نے اپنی حکومت بننے پر کیے جانے والے وعدوں کی فہرست پیش کرتے ہوئے کہا کہ: پنچایت نمائندوں کا مشاہرہ (معاوضہ) دوگنا کیا جائے گا۔
سنار، نائی، لوہار اور بڑھئی جیسے پیشوں سے وابستہ لوگوں کو خود روزگار کے لیے پانچ لاکھ روپے کی یکمشت رقم دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی حکومت نے بہار میں صنعتوں کو فروغ نہیں دیا، بڑی بڑی فیکٹریاں اور آئی ٹی پارک گجرات منتقل کر دیے گئے، اور بہار کو صرف دھوکہ اور فریب دیا گیا۔