تیجس حادثہ: پٹیالکر گاؤں میں ونگ کمانڈر کی موت کا سوگ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-11-2025
تیجس حادثہ: پٹیالکر گاؤں میں ونگ کمانڈر کی موت کا سوگ
تیجس حادثہ: پٹیالکر گاؤں میں ونگ کمانڈر کی موت کا سوگ

 



کانگڑا/آواز دی وائس
جمعہ کے روز دبئی ایئر شو کے دوران تیجس طیارے کے المناک حادثے میں وِنگ کمانڈر نمن سیال کی موت کی خبر پھیلتے ہی تحصیل نگروٹا بگواں کے پٹیالکار گاؤں میں غم کی فضا چھا گئی۔ 34 سالہ ہندوستانی فضائیہ کے اس پائلٹ، جو اپنی بہترین مہارت اور جرات مند پروازوں کے لیے جانے جاتے تھے، شو کے دوران ڈیمونسٹریشن کر رہے تھے جب حادثہ پیش آیا۔
نگروٹا بگواں کے رہائشی وِنگ کمانڈر نمن سیال اپنے پیچھے اہلیہ (جو خود بھی ہندوستانی فضائیہ میں افسر ہیں)، چھ سالہ بیٹی اور والدین کو چھوڑ گئے ہیں۔ جیسے ہی خبر گاؤں پہنچی، رشتہ دار، پڑوسی اور مقامی لوگ ان کے آبائی گھر جمع ہونا شروع ہو گئے، سبھی صدمے اور غم میں ڈوبے ہوئے تھے۔
ایک گاؤں والے مہر چند نے بتایا کہ ہم سب اس حادثے کی خبر سے بہت دکھی ہیں۔ لوگ ان کے گھر جا کر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔ خاندان یہاں موجود نہیں، مگر قریبی رشتہ دار یہاں ہیں۔ وہ بچپن سے ہی بہت ذہین تھا، اور ہمیں اس پر فخر ہے۔ ایک اور مقامی رہائشی مدن نے بتایا کہ ہمیں یقین نہیں آتا کہ اتنی زندگی سے بھرپور انسان اب ہمارے درمیان نہیں رہا۔ پورا گاؤں غمزدہ ہے اور ٹوٹ چکا ہے۔ سابق گرام پردھان ششی دھیمان نے کہا کہ مرحوم افسر نے ہمیشہ گاؤں کا سر فخر سے بلند رکھا۔ انہوں نے بتایا کہ کل شام میرے بھائی نے دہلی سے مجھے اس افسوسناک حادثے کی اطلاع دی، اور اس وقت سے پورا گاؤں بہت غمگین ہے۔ ان کی اہلیہ چنئی میں ہیں۔ ان کا جسد خاکی شام تک چنئی پہنچ جائے گا۔ آخری رسومات پٹیالکار گاؤں میں ادا ہوں گی۔
لیکھ راج نامی ایک اور گاؤں والے نے کہا کہ نمن ہمارے گاؤں کا بیٹا تھا۔ وہ ونگ کمانڈر کے اہم عہدے پر فائز تھا۔ اس نے پورے ملک میں ہمارے گاؤں کی نمائندگی کی۔ اس کی موت نہ صرف اس کے خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ پورا گاؤں سوگ میں ہے۔
دبئی ایئر شو 2025 میں تیجس طیارے کے حادثے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے دفاعی ماہر کیپٹن انیل گور (ریٹائرڈ) نے کہا کہ امکان ہے کہ حادثہ پائلٹ کے طیارے پر کنٹرول کھو دینے یا جی فورسزکے باعث بلیک آؤٹ ہونے کی وجہ سے ہوا ہو۔کیپٹن گور نے کہا کہ حادثے کی اصل وجہ کا پتہ تب ہی چلے گا جب کاک پٹ سے ڈیٹا برآمد کر لیا جائے گا۔
انہوں نے وِنگ کمانڈر نمن سیال کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت دکھ کی بات ہے کہ دبئی ایئر شو میں ہمارا تیجس طیارہ حادثے کا شکار ہوا اور ہمارا بہادر پائلٹ شہید ہو گیا۔ ویڈیوز دیکھ کر لگتا ہے کہ ایکروبیٹکس کے دوران طیارے نے کنٹرول کھو دیا، یا پائلٹ بلیک آؤٹ ہو گیا۔ بلیک آؤٹ کا مطلب ہے کہ جسم پر حد سے زیادہ کشش ثقل  کا اثر ہو جانا۔
ہندوستانی فضائیہ نے جمعہ کو اعلان کیا کہ تیجس طیارے کے گر کر جلنے کے نتیجے میں پائلٹ شہید ہو گیا۔ فضائیہ نے کہا ہے کہ حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے کورٹ آف انکوائری قائم کی جا رہی ہے۔ مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، طیارہ بڑی تعداد میں موجود تماشائیوں کے سامنے فضائی مظاہرہ کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا۔