کولکاتا: جلاوطن بنگلہ دیشی مصنفہ تسلیمہ نسرین تقریباً 19 برس بعد جمعہ کو کولکاتا پہنچ گئیں۔ انہوں نے اس واپسی کو ایک جذباتی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی اس شہر کو اپنا گھر سمجھتی ہیں۔ نیتاجی سبھاش چندر بوس بین الاقوامی ہوائی اڈے پر استقبال کے لیے موجود لوگوں کو ہاتھ جوڑ کر سلام کرتے ہوئے تسلیمہ نسرین نے کہا، "واپس آ کر بہت اچھا محسوس کر رہی ہوں۔" یہ نومبر 2007 کے بعد ان کی پہلی کولکاتا آمد ہے۔
اس وقت ان کی تحریروں کے خلاف پرتشدد احتجاج کے بعد انہیں شہر چھوڑنا پڑا تھا۔ بنگلہ دیش سے جلاوطنی کے بعد وہ کولکاتا کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتی رہی ہیں۔ تسلیمہ نسرین ہفتہ کو رابندر سدن میں مذہبی بنیاد پرستی کے خلاف منعقد ہونے والے ایک ادبی پروگرام میں شرکت کریں گی، جہاں وہ اپنی شاعری بھی پیش کریں گی۔
اس تقریب میں مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ سویندو ادھیکاری اور معروف ادیب شیرشیندو مکھوپادھیائے سمیت کئی اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ اگرچہ اس پروگرام کو ادبی اجتماع کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، تاہم مغربی بنگال میں بی جے پی حکومت کے قیام کے بعد اظہارِ رائے کی آزادی، سیکولرازم اور مذہبی حساسیت جیسے موضوعات پر جاری بحث کے باعث اس کی سیاسی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے۔
کولکاتا روانگی سے قبل تسلیمہ نسرین نے کہا تھا، "مجھے ایسا لگ رہا ہے جیسے میں اپنے ہی ملک واپس جا رہی ہوں۔ میرے دل میں بنگال کبھی سرحدوں یا خاردار تاروں سے تقسیم نہیں ہوا۔ مشرقی بنگال (بنگلہ دیش) کے دروازے میرے لیے بند ہیں، اس لیے فی الحال بنگال کا یہ حصہ ہی میرا گھر ہے۔" انہوں نے کہا کہ وہ "خوشی بھی ساتھ لا رہی ہیں اور درد بھی"، کیونکہ کولکاتا نے انہیں گھر، دوست، قارئین اور اپنائیت دی تھی، مگر بعد میں انہیں شہر چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔
تسلیمہ نسرین کے مطابق ان کی یہ واپسی صرف ذاتی نہیں بلکہ اس آواز کی واپسی کی علامت ہے جسے مذہبی انتہا پسند خاموش کرانا چاہتے تھے۔ انہوں نے اپنے دورے کی سہولت اور سکیورٹی فراہم کرنے پر منتظمین اور موجودہ مغربی بنگال حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ کسی بھی حکومت کے نظریے سے قطع نظر، مصنف کی آزادیِ اظہار ایک بنیادی حق ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ 1994 میں اپنے ناول "لجّا" پر جان سے مارنے کی دھمکیوں کے بعد تسلیمہ نسرین بنگلہ دیش چھوڑنے پر مجبور ہو گئی تھیں۔ وہ 2004 میں کولکاتا آ کر آباد ہوئیں، مگر 2007 میں ان کی خودنوشت "دوکھنڈیتو" کے بعض حصوں پر مسلم طبقے کے ایک حصے کے احتجاج کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے۔
اس کتاب پر بائیں محاذ کی حکومت نے 2003 میں پابندی بھی عائد کر دی تھی۔ احتجاج شدت اختیار کرنے پر کولکاتا کے بعض علاقوں میں فوج تعینات کرنا پڑی، جس کے بعد اُس وقت کی بدھ دیب بھٹاچاریہ حکومت نے تسلیمہ نسرین سے شہر چھوڑنے کو کہا۔ بعد میں وہ جے پور، دہلی اور پھر بیرونِ ملک منتقل ہو گئیں، تاہم وہ مسلسل کولکاتا واپس آنے کی خواہش ظاہر کرتی رہی تھیں۔ تقریباً دو دہائیوں بعد ان کی واپسی مغربی بنگال کی سیاست، سیکولرازم اور آزادیِ اظہار کے حوالے سے ایک اہم علامتی واقعہ کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔