نئی دہلی
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف اور کانگریس کے رکنِ پارلیمان راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز وزیرِ اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ہندوستان-امریکہ عبوری تجارتی معاہدے میں ٹیرف سے متعلق دفعات پر ملک کو گمراہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ہندوستان کے کپاس کے کسانوں اور ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔
راہل گاندھی نے کہا کہ جہاں ہندوستانی گارمنٹس پر امریکہ میں 18 فیصد ٹیرف عائد ہے، وہیں بنگلہ دیش کو گارمنٹس کی برآمد پر صفر فیصد ٹیرف کی سہولت دی جا رہی ہے، بشرطیکہ وہ امریکی کپاس درآمد کرے۔ انہوں نے پالیسی فریم ورک پر سوال اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ امریکی کپاس کی درآمد سے ملکی کسانوں کو نقصان ہوگا، جبکہ درآمد نہ کرنے کی صورت میں ٹیکسٹائل صنعت متاثر ہوگی۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ بنگلہ دیش کی جانب سے ہندوستان سے کپاس کی درآمد کم کرنے یا روکنے کے اشارے مل رہے ہیں، جس سے ہندوستانی پیدا کرنے والوں کے مسائل مزید بڑھ سکتے ہیں۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں کانگریس کے رکنِ پارلیمان نے لکھا كہ 18% ٹیرف بمقابلہ 0% میں بتاتا ہوں کہ ماہر جھوٹے وزیرِ اعظم اور ان کی کابینہ اس معاملے پر کیسے الجھن پھیلا رہے ہیں، اور ہندوستان کے کپاس کے کسانوں اور ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کے ساتھ ہندوستان-امریکہ تجارتی معاہدے کے ذریعے دھوکہ کر رہے ہیں۔ بنگلہ دیش کو امریکہ میں گارمنٹس کی برآمد پر 0% ٹیرف کی سہولت دی جا رہی ہے، جس کی واحد شرط امریکی کپاس کی درآمد ہے۔ ہندوستانی گارمنٹس پر 18% ٹیرف کے اعلان کے بعد جب میں نے پارلیمان میں بنگلہ دیش کو دی جانے والی خصوصی رعایت پر سوال اٹھایا تو مودی حکومت کے ایک وزیر کا جواب تھا: ‘اگر ہمیں بھی یہی فائدہ چاہیے تو ہمیں امریکہ سے کپاس درآمد کرنی ہوگی۔’ یہ حقیقت اب تک ملک سے کیوں چھپائی گئی؟
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ لاکھوں افراد کو بے روزگاری اور معاشی بدحالی کی طرف دھکیل دے گا۔ انہوں نے مذاکرات کے طریقۂ کار پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قومی مفاد میں ہونے والا کوئی بھی معاہدہ کپاس کے کسانوں اور ٹیکسٹائل برآمد کنندگان—دونوں کے تحفظ کو یقینی بناتا۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا كہ یہ کیسی پالیسی ہے؟ کیا واقعی یہ کوئی انتخاب ہے یا پھر ہمیں ‘آگے کنواں، پیچھے کھائی’ جیسی صورتِ حال میں دھکیلنے کا جال؟ اگر ہم امریکی کپاس درآمد کریں تو ہمارے اپنے کسان برباد ہوں گے۔ اگر درآمد نہ کریں تو ہماری ٹیکسٹائل صنعت پیچھے رہ جائے گی اور تباہ ہو جائے گی۔ اور اب بنگلہ دیش بھی اشارہ دے رہا ہے کہ وہ ہندوستان سے کپاس کی درآمد کم یا بند کر سکتا ہے۔
انہوں نے لکھا كہ ٹیکسٹائل صنعت اور کپاس کی کاشت ہندوستان میں روزگار کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ کروڑوں لوگوں کی روزی روٹی انہی شعبوں سے جڑی ہے۔ ان شعبوں پر حملہ کرنے کا مطلب لاکھوں خاندانوں کو بے روزگاری اور معاشی بحران کی دلدل میں دھکیلنا ہے۔ قومی مفاد میں سوچنے والی دوراندیش حکومت ایسا معاہدہ کرتی جو کپاس کے کسانوں اور ٹیکسٹائل برآمد کنندگان دونوں کی خوشحالی کو یقینی بناتا۔ لیکن اس کے بالکل برعکس ہوا ہے—نریندر ‘سرنڈر’ مودی اور ان کے وزرا نے ایسا معاہدہ کیا ہے جو دونوں شعبوں کو گہرا نقصان پہنچا سکتا ہے۔
گزشتہ ہفتے اعلان کیا گیا ہندوستان-امریکہ عبوری معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اور فائدہ مند تجارتی معاہدے کے فریم ورک کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت امریکہ کی صنعتی اشیا اور خوراک و زرعی مصنوعات کی ایک وسیع فہرست پر ٹیرف ختم یا کم کیے جائیں گے، جن میں خشک ڈسٹلرز گرینز، جانوروں کے چارے کے لیے سرخ جوار، درختوں کے میوے، تازہ اور پراسیس شدہ پھل، سویا بین آئل، شراب اور دیگر مصنوعات شامل ہیں۔
اس کے بدلے میں ریاستہائے متحدہ امریکہ منتخب ہندوستانی اشیا پر 18 فیصد کا باہمی ٹیرف نافذ کرے گا، جن میں ٹیکسٹائل، ملبوسات، لیدر، جوتے، پلاسٹک، ربڑ، نامیاتی کیمیکلز، گھریلو آرائش کی اشیا، دستکاری کی مصنوعات اور کچھ مشینری شامل ہیں۔ مکمل نفاذ کے بعد جن اشیا پر امریکی ٹیرف ختم کیا جائے گا، ان میں عام ادویات، قیمتی پتھر و ہیرے اور ہوائی جہاز کے پرزے شامل ہیں۔