چنئی: خلیجی خطے میں جنگ جیسے حالات کے باعث تمل ناڈو میں پیدا ہونے والی ایل پی جی کی قلت کے سبب صنعتوں اور مختلف شعبوں خصوصاً خوراک کے شعبے کو درپیش مشکلات پر غور کرنے کے لیے ہفتہ کو ریاستی سیکریٹریٹ میں وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کی قیادت میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تمل ناڈو پاور جنریشن اینڈ ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر جے رادھا کرشنن نے کہا کہ گزشتہ ماہ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر مشترکہ فوجی حملہ کیا تھا، جس کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو روک دیا۔ اس کے نتیجے میں خلیجی خطے سے بھارت کو خام تیل اور ایل پی جی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
ریاستی حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ ریستوران، چائے کی دکانیں، کلاؤڈ کچن اور دیگر خوراک تیار کرنے والے یونٹس اگر ایل پی جی کی جگہ برقی چولہے استعمال کریں گے تو اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ 2 روپے سبسڈی دی جائے گی۔ یہ سبسڈی اس مدت تک جاری رہے گی جب تک مرکزی حکومت کی جانب سے کمرشل ایل پی جی کے استعمال پر پابندیاں برقرار رہیں گی۔
مزید برآں، چھوٹے، خرد اور متوسط درجے کے کاروبار (MSMEs) کو اس بحران سے نمٹنے کے لیے برقی آلات جیسے الیکٹرک چولہے اور ہیٹر خریدنے کے لیے سبسڈی کے ساتھ قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ بے روزگار نوجوانوں کے روزگار پیدا کرنے کے پروگرام (UYEGP) کے تحت اہل کاروباری افراد کو 25 فیصد سبسڈی کے ساتھ 3.75 لاکھ روپے تک کی مدد مل سکتی ہے۔
اسی طرح تمل ناڈو ویمن انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ اسکیم کے تحت خواتین کاروباریوں کو 10 لاکھ روپے تک قرض پر 25 فیصد سبسڈی (زیادہ سے زیادہ 2 لاکھ روپے) دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ایس سی/ایس ٹی کاروباریوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انّائی امبیڈکر بزنس چیمپئنز اسکیم کے تحت 35 فیصد سرمایہ سبسڈی (زیادہ سے زیادہ ایک کروڑ روپے) فراہم کی جائے گی تاکہ وہ جدید برقی مشینری اپنائیں۔ تمل ناڈو میں 60,698 فیکٹریاں تمل ناڈو پولوشن کنٹرول بورڈ کی اجازت سے ایل پی جی، سی این جی، ڈیزل اور دیگر ایندھن استعمال کر رہی ہیں۔ حکومت نے انہیں عارضی طور پر مٹی کے تیل، آر ڈی ایف، ایچ ایس ڈی اور بایوماس جیسے متبادل ایندھن استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
اس کے لیے نئی منظوری لینے کی ضرورت نہیں ہوگی، صرف پیشگی اطلاع دینا کافی ہوگا۔ ریاست میں 9,300 دودھ پیدا کرنے والی کوآپریٹو سوسائٹیاں روزانہ 55 لاکھ لیٹر دودھ سنبھالنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کسانوں سے اضافی دودھ آوِن دودھ کوآپریٹو کے ذریعے بغیر کسی پابندی کے خریدا جائے گا۔ ایل پی جی کی قلت کے باعث اگر ریستوران بند ہو جائیں تو کسانوں کی سبزیوں کی فروخت متاثر ہو سکتی ہے۔
اس لیے کسانوں کو ریاست بھر کے 194 اُژاور سندھائی (فارمرز مارکیٹس) میں بغیر کسی پابندی کے پھل اور سبزیاں فروخت کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ایل پی جی سلنڈروں کی مناسب تقسیم کی نگرانی کے لیے وزیر اعلیٰ نے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں ریاستی سطح کی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے، جبکہ اضلاع میں ڈسٹرکٹ کلکٹرز کی قیادت میں کمیٹیاں اس عمل کی نگرانی کریں گی۔ مزید برآں اس ماہ پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم (PDS) کے تحت راشن کارڈ ہولڈرز کو اضافی 3,228 کلو لیٹر مٹی کا تیل فراہم کیا گیا ہے۔
ریاستی آئل کمپنیوں کے کوآرڈینیٹر نے یقین دہانی کرائی کہ پٹرول اور ڈیزل کا ایک ماہ کا ذخیرہ موجود ہے اور عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی فراہمی کو اسپتالوں، اسکولوں اور کالج ہاسٹلز کو ترجیح دی جائے گی۔