نئی دہلی
عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے جمعہ کے روز 21 جون کو ہونے والے نیٹ-یو جی 2026 کے دوبارہ امتحان میں شرکت کرنے والے طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں پرسکون رہنے، اپنی تیاری پر توجہ دینے اور ذہنی دباؤ سے بچنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی مہینے میں دو بار امتحان دینا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔
ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں اروند کیجریوال نے لکھا کہ ہیلو بچو! آپ سب کو نیٹ امتحان کے لیے نیک تمنائیں۔ اب اپنا سارا دباؤ ایک طرف رکھ دیں۔ اپنی محنت پر بھروسہ کریں اور مکمل سکون کے ساتھ امتحان دیں۔ آپ یہ ضرور کر سکتے ہیں۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیجریوال نے امتحان سے قبل طلبہ کو درپیش مشکلات کا ذکر کیا، خاص طور پر دوبارہ امتحان کی غیرمعمولی صورتحال پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ اس اتوار کو نیٹ کا امتحان ہے، کیا آپ کی تیاری مکمل ہو گئی ہے؟ میں جانتا ہوں کہ آپ سب نے بہت کچھ برداشت کیا ہے۔ ایک ہی مہینے میں دو بار امتحان دینا کوئی مذاق نہیں ہے۔ لیکن اب ان تمام باتوں کو بھول جائیں۔ باقی رہ جانے والے چند گھنٹوں میں پوری توجہ کے ساتھ پڑھائی کریں۔ امتحان میں مکمل سکون اور اطمینان کے ساتھ جائیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ آپ شاندار کامیابی حاصل کریں گے۔ آپ سب بہت اچھا کریں گے، نیٹ میں کامیاب ہوں گے اور اچھے ڈاکٹر بنیں گے۔ آپ سب کو نیک تمنائیں، خدا آپ کو کامیاب کرے۔
اس سے قبل نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے بھی نیٹ-یو جی 2026 کے دوبارہ امتحان میں شریک ہونے والے امیدواروں کے لیے ایک حوصلہ افزا پیغام جاری کیا اور انہیں پرسکون رہنے اور صرف سرکاری اطلاعات پر بھروسہ کرنے کی تلقین کی۔ایکس پر جاری متعدد پیغامات میں این ٹی اے نے طلبہ کی محنت اور تیاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیٹ-یو جی 2026 کا امتحان صرف تین دن دور ہے۔ تمام امیدواروں کے لیے پیغام ہے کہ آپ نے سخت محنت کی ہے، بھرپور تیاری کی ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ اپنی محنت پر اعتماد کریں۔ پرسکون رہیں، مناسب آرام کریں اور اپنی بہترین کارکردگی دکھانے پر توجہ دیں۔
این ٹی اے نے امتحان کے شیڈول میں کسی بھی تبدیلی سے متعلق افواہوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امتحان مقررہ وقت کے مطابق ہی منعقد ہوگا۔ ملتوی کیے جانے کی افواہوں یا سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی باتوں سے متاثر نہ ہوں۔ صرف این ٹی اے کی سرکاری اطلاعات پر بھروسہ کریں۔ایجنسی نے یہ بھی بتایا کہ امتحان کے شفاف اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔این ٹی اے نے 3 مئی کو کیے گئے اپنے سابقہ فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ قدم صرف سنجیدہ اور محنتی امیدواروں کے مفاد میں اٹھایا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ 3 مئی کو لیا گیا مشکل فیصلہ صرف آپ کے مفاد کے لیے تھا۔ جیسے ہی کسی مسئلے کی نشاندہی ہوئی، ہم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے امتحانی عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا۔ اس تجربے سے حاصل ہونے والے اسباق کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار نظام کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ منعقد ہونے والا نیٹ-یو جی امتحان سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے الزامات کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا، جس کے بعد حکام نے 21 جون کو دوبارہ امتحان کرانے کا اعلان کیا تھا۔