ٹوکیو/ آواز دی وائس
جاپان کی وزیراعظم تاکئچی نے منگل کے روز کہا کہ اُن کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات نہایت "مؤثر اور نتیجہ خیز" رہی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے وسیع امور پر بات چیت کی۔ اس ملاقات نے جاپان اور امریکہ کے مضبوط اتحاد کی تجدید کی۔
تاکائچی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ آج ٹرمپ کے ساتھ ایک نہایت کامیاب اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی — جس میں باہمی دلچسپی کے کئی اہم موضوعات پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملاقات “جاپان۔امریکہ اتحاد کے سنہرے دور کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ جو دونوں ممالک کی پائیدار شراکت داری کو ظاہر کرتی ہے۔
تاکائچی نے کہا ہمارا فولادی اور اٹل اتحاد اور مضبوط اقتصادی تعلقات ہمارے عوام اور ہندو-بحرالکاہل خطے میں امن و خوشحالی کو فروغ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد اور کھلے ہندو-بحرالکاہل کا نظریہ ہمارا مشترکہ وژن ہے، جسے ہم مل کر آگے بڑھا رہے ہیں۔
ان کے یہ بیانات اس وقت سامنے آئے جب ٹرمپ نے یوکوسوکا نیول بیس کے دورے کے دوران واشنگٹن اور ٹوکیو کے قریبی تعلقات پر زور دیا۔ دونوں رہنما یو ایس ایس جارج واشنگٹن پر ایک ساتھ نمودار ہوئے، جو بڑھتے ہوئے علاقائی تناؤ کے درمیان دونوں اتحادیوں کی یکجہتی کی علامت تھا۔ میرین ون کے ذریعے ایک ساتھ پہنچنے پر ٹرمپ اور تاکائچی کا استقبال امریکی بحریہ کے "رینبو بوائز" نے کیا۔ تقریب میں جاپان-امریکہ اتحاد کے نظم و ضبط اور ہم آہنگی کی جھلک نمایاں تھی۔ ٹرمپ نے تقریباً 6,000 امریکی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے تاکائچی کو اسٹیج پر بلایا اور اُنہیں "ونر (فاتح)" قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خاتون ایک حقیقی فاتح ہیں”، جس پر حاضرین نے پرجوش تالیاں بجائیں۔
ٹرمپ نے جاپان کی قیادت اور واشنگٹن کے ساتھ اُس کی شراکت داری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے جاپان اور اس ملک کی بہت عزت ہے، اور اب میں اس نئی اور شاندار وزیراعظم کا بھی بے حد احترام کرتا ہوں۔ تاکائچی کی جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم کے طور پر تاریخی کامیابی کو سراہتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ مجھے یہ ضرور کہنا ہے کہ یہ جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم ہیں! یہ سنتے ہی حاضر فوجیوں نے خوشی کے نعرے لگائے۔ دونوں رہنماؤں نے ٹوکیو میں دفاعی تعاون، تجارت، اور علاقائی سلامتی پر دو طرفہ مذاکرات بھی کیے۔ ملاقات کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ تاکائچی “جاپان کی عظیم وزرائے اعظم میں سے ایک ہوں گی”، جبکہ تاکائچی نے انہیں “ایک عظیم رہنما” قرار دیا اور ان کا نام نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اہم معدنیات سے متعلق معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے، جس سے جاپان کی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے مشترکہ عزم کی تصدیق ہوئی۔
تاکائچی، جو گزشتہ ہفتے عہدے پر فائز ہوئی ہیں، نے کہا کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کریں گی اور اپنے مرحوم رہنما سابق وزیراعظم شنزو آبے کی سفارتی پالیسیوں کو آگے بڑھائیں گی۔ رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اتحاد اور خطے میں بڑھتے ہوئے خطرات کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ ہے۔ جاپان میں اس وقت تقریباً 55,000 امریکی فوجی تعینات ہیں، اور یہ ملک امریکہ کی قیادت میں علاقائی دفاعی ڈھانچے کا ایک اہم ستون ہے۔ جنوبی بحیرہ چین میں بیجنگ کی فوجی سرگرمیوں کے بڑھتے تناؤ کے درمیان، ٹرمپ نے صحافیوں سے کہا کہ چین “تائیوان پر کوئی کارروائی نہیں کرے گا”، اور انہوں نے اس ہفتے کے آخر میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی توقع ظاہر کی۔ جب میرین ون طیارہ یو ایس ایس جارج واشنگٹن پر اترا تو پس منظر میں "ٹاپ گن" فلم کا تھیم میوزک بج رہا تھا، جس سے تقریب کا ماحول پرجوش ہو گیا۔
فوجی اہلکاروں نے “سویٹ کیرولائن” اور “پارٹی اِن دی یو ایس اے” گانوں کے ساتھ شرکت کی، جب کہ وہ اپنے کمانڈر انچیف کے استقبال کی تیاری کر رہے تھے۔ جاپان، ٹرمپ کے پانچ روزہ ایشیائی دورے کا دوسرا پڑاؤ ہے۔ اس سے قبل وہ ملائیشیا گئے تھے، جہاں انہوں نے 47 ویں آسیان سمٹ میں شرکت کی اور کمبوڈیا-تھائی لینڈ امن معاہدے پر دستخط کیے، جس سے ان کی انتظامیہ کے علاقائی سفارت کاری اور استحکام پر فوکس کا اظہار ہوتا ہے۔