کولکتہ : مغربی بنگال کے مدھیام گرام میں اپوزیشن لیڈر سویندو ادھیکاری کے ذاتی معاون چندرا کے مبینہ قتل معاملے میں پولیس نے ایک گاڑی ضبط کر لی ہے۔
ریاستی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سدھ ناتھ گپتا نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے زندہ کارتوس اور فائر شدہ خول برآمد ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والی چار پہیہ گاڑی قبضے میں لے لی گئی ہے لیکن شبہ ہے کہ اس کی نمبر پلیٹ جعلی تھی اور اس میں چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی۔ پولیس عینی شاہدین کے بیانات درج کر رہی ہے اور شواہد اکٹھا کیے جا رہے ہیں۔
بدھ کے روز سویندو ادھیکاری کے پرسنل اسسٹنٹ کو مبینہ طور پر گولی مار دی گئی تھی۔ بعد میں انہوں نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔
بی جے پی رہنماؤں نے اس واقعے کو منصوبہ بند اور ہدف بنا کر کیا گیا حملہ قرار دیا ہے۔ بی جے پی لیڈر سجے کمار دے نے الزام لگایا کہ ترنمول کانگریس علاقے میں خوف پیدا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آور موٹر سائیکلوں پر آئے تھے اور خاص طور پر اسی شخص کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب ترنمول کانگریس نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔
مغربی بنگال میں بی جے پی لیڈر سویندو ادھیکاری کے ذاتی معاون چندرا کے قتل کے عینی شاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور نے قریب سے فائرنگ کی اور پوری واردات پہلے سے منصوبہ بند معلوم ہوتی تھی۔
عینی شاہد کے مطابق جیسے ہی چندرا کی گاڑی ان کی گاڑی کے قریب پہنچی تو وہ اچانک رک گئی۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص آیا اور گاڑی کے بائیں جانب سے فائرنگ شروع کر دی۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آور ماہر نشانہ باز لگ رہا تھا اور فائرنگ کے فوراً بعد فرار ہو گیا۔
عینی شاہد نے بتایا کہ دو گولیوں کی آواز سنائی دی۔ یہ واقعہ رات تقریباً ساڑھے دس سے گیارہ بجے کے درمیان اسپتال سے دو سے تین سو میٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ عوام زخمیوں کو اسپتال لے کر گئی جبکہ گاڑی کا ڈرائیور بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
بی جے پی رہنما اگنی مترا پال نے اس واقعے کے پیچھے سیاسی سازش کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا اپوزیشن لیڈر کے دفتر کے اہم امور دیکھتے تھے اور پارٹی اراکین کے لیے بھائی کی طرح تھے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسے شخص کو کیوں قتل کیا گیا جس کا براہ راست سیاسی تنازع سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ان کے مطابق پارٹی کارکنوں اور عوام میں شدید غصہ پایا جا رہا ہے۔
اس سے قبل سویندو ادھیکاری نے اس قتل کو سرد خون اور منصوبہ بند قتل قرار دیتے ہوئے پارٹی کارکنوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی تھی۔ دوسری جانب ترنمول کانگریس نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔