شرجیل امام، عمر خالد کی عرضیوں پر 19 ستمبر کو سماعت کرے گا سپریم کورٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2025
شرجیل امام، عمر خالد کی عرضیوں پر 19 ستمبر کو سماعت کرے گا سپریم کورٹ
شرجیل امام، عمر خالد کی عرضیوں پر 19 ستمبر کو سماعت کرے گا سپریم کورٹ

 



نئی دہلی : سپریم کورٹ نے جمعہ کو شرجیل امام، عمر خالد، گلفشہ فاطمہ اور میران حیدر کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کر دی، جنہوں نے دہلی ہائی کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کیا ہے جس میں انہیں یو اے پی اے (UAPA) کیس میں ضمانت دینے سے انکار کر دیا گیا تھا۔

یہ کیس 2020 کے شمال مشرقی دہلی فسادات کی مبینہ بڑی سازش سے جڑا ہوا ہے۔ جسٹس اروند کمار اور جسٹس این وی انجاریہ کی بنچ نے کہا کہ انہیں گزشتہ رات ہی کیس کی فائلیں موصول ہوئیں اور وہ پڑھ نہیں پائے، اس لیے معاملہ ملتوی کیا جا رہا ہے۔

دہلی ہائی کورٹ نے 2 ستمبر کو امام، خالد اور دیگر سات افراد—محمد سلیم خان، شفا الرحمٰن، اطہر خان، میران حیدر، شاداب احمد، عبدالخالد سیفی اور گلفشہ فاطمہ—کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔ اسی دن ایک دیگر ہائی کورٹ بنچ نے ایک اور ملزم تسلیم احمد کی ضمانت کی درخواست بھی خارج کر دی تھی۔

دہلی پولیس نے ان کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کوئی اچانک بھڑکنے والے فسادات کا معاملہ نہیں بلکہ ایک ایسا کیس ہے جس میں فسادات کو ’’باقاعدہ منصوبہ بندی‘‘ اور ’’خطرناک نیت و سوچے سمجھے سازش‘‘ کے تحت انجام دیا گیا۔

ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں مشاہدہ کیا تھا کہ بادی النظر میں امام اور خالد کا کردار ’’سنگین‘‘ ہے کیونکہ انہوں نے مبینہ طور پر فرقہ وارانہ بنیادوں پر اشتعال انگیز تقاریر کیں تاکہ مسلم برادری کے ارکان کی بڑی سطح پر موبلائزیشن کی جا سکے۔ عمر خالد نے سپریم کورٹ سے سخت یو اے پی اے قانون کے تحت درج بڑے سازش کے کیس میں ضمانت کی درخواست دی ہے، جو فروری 2020 کے دہلی فسادات سے متعلق ہے۔

سال 2020 میں دہلی پولیس نے شرجیل امام کو یو اے پی اے کے تحت گرفتار کیا تھا اور انہیں دہلی فسادات کے پیچھے اہم سازشی قرار دیا تھا۔ یہ تشدد اُس وقت بھڑکا تھا جب مجوزہ شہریت ترمیمی قانون (CAA) اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز (NRC) کے خلاف احتجاج ہو رہا تھا۔ فسادات میں 53 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔