نئی دہلی
عدالتِ عظمیٰ نے منگل کے روز لدھیانہ کے ایک کپڑا تاجر کی طرف سے دائر کی گئی مفادِ عامہ کی عرضی کو خارج کر دیا۔ عرضی گزار نے خود یہ اعتراف کیا تھا کہ اس نے درخواست کا مسودہ تیار کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کے اوزار استعمال کیے تھے، لیکن وہ درخواست میں شامل پیچیدہ قانونی اصطلاحات کی وضاحت کرنے سے قاصر رہا۔ اس پر عدالت نے اسے سرزنش کی اور عرضی مسترد کرتے ہوئے اسے مشورہ دیا کہ وہ واپس جا کر اپنا کاروبار کرے۔
چیف جسٹس سوریا کانت نے مفادِ عامہ کی عرضی خارج کرتے ہوئے کہا، “جاؤ، لدھیانہ میں دو تین اور سویٹر بیچو۔ جن لوگوں کا کام ایسی عرضیاں دائر کرنا ہے وہ تمہیں جرمانہ لگوا کر نقصان پہنچا دیں گے۔
جسٹس سوریا کانت، جسٹس جوئمالیہ باگچی اور جسٹس آر مہادیون پر مشتمل بنچ کو اس وقت شبہ ہوا جب بارہویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے والے کپڑا تاجر راجنیش سدھو ‘پی ایم کیئر فنڈ’ سے متعلق اپنی عرضی پر دلائل دینے کے لیے کھڑے ہوئے۔ جیسے ہی سدھو نے تحریری دلائل پڑھنا شروع کیے تو چیف جسٹس نے ان کی تعلیمی اور دیگر پس منظر کے بارے میں سوالات کیے۔
عرضی گزار پہلی بار عدالت آیا تھا
جب عرضی گزار نے بتایا کہ اس نے اس سے پہلے کبھی کوئی عرضی دائر نہیں کی اور وہ سیدھا عدالتِ عظمیٰ میں اپنی پہلی درخواست لے کر آیا ہے تو چیف جسٹس نے طنزیہ انداز میں کہا، “بڑی بہادری کا کام کیا ہے، سیدھا لدھیانہ سے چلے آئے۔
چیف جسٹس نے مزید کہا كہ میں یہیں تمہاری انگریزی کا امتحان لوں گا اور اگر تم تیس فیصد نمبر بھی حاصل کر لو تو میں مان لوں گا کہ یہ درخواست تم نے خود تیار کی ہے۔
اس کے بعد چیف جسٹس نے مفادِ عامہ کی عرضی میں استعمال ہونے والی چند اصطلاحات کے بارے میں پوچھا جن کا سدھو جواب نہ دے سکے۔ اسی دوران عرضی گزار نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اس نے درخواست تیار کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کے اوزار استعمال کیے تھے۔
دوسری جانب عدالتِ عظمیٰ نے مرکزی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ کووڈ وبا سے بچاؤ کے لیے لگائی جانے والی ٹیکہ کاری کے بعد اگر کسی شخص کو شدید مضر اثرات کا سامنا ہو تو قصور طے کیے بغیر متاثرین کو معاوضہ دینے کی پالیسی تیار کی جائے۔ عدالت نے کہا کہ آئین حکومت کو عوام کی فلاح اور انسانی وقار کا فعال محافظ تصور کرتا ہے، نہ کہ انسانی تکلیف کا محض تماشائی۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ کووڈ وبا کا زمانہ درد اور تباہی سے بھرا ہوا تھا جس نے بے شمار خاندانوں کو غم اور مشکلات میں مبتلا کیا۔جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ وبا کے دوران حکومت نے ٹیکہ کاری کے منصوبے کو نافذ کرنے کے لیے اپنی حد سے بڑھ کر کوششیں کیں اور اس سے بلاشبہ بہت سی جانیں بچانے میں مدد ملی۔ تاہم بنچ نے کہا کہ حکومت کے اپنے اعداد و شمار یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ بعض معاملات میں یہی ٹیکے جان کے ضیاع کا سبب بھی بنے۔ ایسی صورت میں یہ مناسب نہیں کہ حکومت ان متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے کی ذمہ داری سے بچتی رہے جنہوں نے اپنے عزیزوں کو کھو دیا ہے۔