اراولی کی یکساں تعریف کے لیے سپریم کورٹ کی پانچ رکنی کمیٹی قائم

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 03-06-2026
اراولی کی یکساں تعریف کے لیے سپریم کورٹ کی پانچ رکنی کمیٹی قائم
اراولی کی یکساں تعریف کے لیے سپریم کورٹ کی پانچ رکنی کمیٹی قائم

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ماحولیاتی لحاظ سے حساس اراولی پہاڑی سلسلے (Aravalli Hills and Range) کی یکساں تعریف اور حد بندی طے کرنے کے لیے ایک پانچ رکنی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، تاکہ مستقبل میں کان کنی کی سرگرمیوں کو مؤثر طریقے سے منظم کیا جا سکے۔

چیف جسٹس سوریا کانت، جسٹس جوی مالیا باگچی اور جسٹس وپل ایم پنچولی پر مشتمل بنچ نے کمیٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ 31 اگست تک تحفظِ ماحول سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کرے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی سے متعلق معاملات ماہرین کی سائنسی جانچ کے بغیر حل نہیں کیے جا سکتے، اس لیے کمیٹی کو اراولی سے متعلق موجودہ ضوابط اور تعریفوں کا ازسرِ نو جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ آئندہ کسی بھی فیصلے یا اقدام کی بنیاد سائنسی تجزیے پر ہونی چاہیے اور اسے ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے اصولوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔ 25 مئی کے عدالتی حکم کے مطابق کمیٹی کی سربراہی کنچن دیوی کریں گی، جو انڈین کونسل آف فارسٹری ریسرچ اینڈ ایجوکیشن کی ڈائریکٹر جنرل ہیں۔

عدالت نے اس تشویش کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے کہ اراولی کی موجودہ تعریف، جس کے مطابق صرف دو یا زیادہ پہاڑیوں کے درمیان 500 میٹر کے اندر واقع زمین کو اراولی کا حصہ مانا جاتا ہے، محفوظ علاقوں کے دائرے کو نمایاں طور پر محدود کر سکتی ہے۔

عدالت کے مطابق اس محدود تعریف کے نتیجے میں ماحولیاتی طور پر جڑے ہوئے کئی علاقے "غیر اراولی" قرار دیے جا سکتے ہیں، جس سے وہاں کان کنی اور دیگر ماحول دشمن سرگرمیوں کا راستہ کھل سکتا ہے۔ کمیٹی کو یہ بھی جانچنے کا کہا گیا ہے کہ راجستھان کی 12,081 پہاڑیوں میں سے صرف 1,048 پہاڑیاں ہی 100 میٹر بلندی کے مقررہ معیار پر پوری اترتی ہیں، جس کے باعث بڑی تعداد میں پہاڑی سلسلے ماحولیاتی تحفظ کے دائرے سے باہر رہ سکتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ اراولی خطہ حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی لحاظ سے نہایت حساس ہے، لہٰذا کمیٹی کو غیر جانبدارانہ انداز میں جائزہ لینا ہوگا کہ مجوزہ اقدامات ایسے ماحولیاتی اثرات تو پیدا نہیں کریں گے جو ناقابلِ تلافی یا انتہائی مشکل سے درست کیے جا سکیں۔

کمیٹی کے دیگر ارکان میں شامل ہیں: ڈاکٹر سبھاش اشوتوش، سابق ڈائریکٹر جنرل، فارسٹ سروے آف انڈیا، ڈاکٹر راجندر کمار شرما، سابق ڈائریکٹر، جیولوجیکل سروے آف انڈیا، بریج موہن سنگھ راٹھور، سابق جوائنٹ سیکریٹری، وزارت ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی اور پروفیسر اشوک کے بھاٹ نگر، سابق سربراہ شعبۂ نباتات، دہلی یونیورسٹی۔

علاوہ ازیں، پروفیسر جگدیش کرشناسوامی (انڈین انسٹی ٹیوٹ فار ہیومن سیٹلمنٹس) اور پروفیسر لکشمی کانت شرما (سنٹرل یونیورسٹی آف ہریانہ) کو خصوصی مدعو ارکان کے طور پر وقتاً فوقتاً کمیٹی کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، جبکہ وزارت ماحولیات کا ڈائریکٹر رینک کا ایک افسر کمیٹی کے رکن سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے گا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ اس معاملے سے دہلی، راجستھان اور ہریانہ کی ریاستی حکومتیں، ماحولیاتی تنظیمیں، کان کنی کے لیز ہولڈرز، کسان، کان کن مزدور اور مقامی آبادی سمیت متعدد فریقین متاثر ہوتے ہیں، اس لیے کمیٹی عوامی نوٹس جاری کرکے تمام متعلقہ افراد اور اداروں سے تجاویز اور آراء طلب کرے۔ یہ حکم سپریم کورٹ نے اراولی پہاڑی سلسلے کی تعریف سے متعلق ازخود نوٹس (سوموٹو) کارروائی کے دوران جاری کیا۔