نئی دہلی
سپریم کورٹ آف انڈیا نے منگل کے روز مسلم پرسنل لا کے تحت خواتین کے حقوق کی مبینہ خلاف ورزی کو چیلنج کرنے والی ایک عرضی کی سماعت کے دوران ملک میں یکساں سول ضابطہ (یو سی سی) نافذ کرنے کی وکالت کی۔ اس معاملے کی سماعت جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوئیمالیہ باغچی اور جسٹس آر مہادیون پر مشتمل بنچ نے کی۔ عدالت نے مقننہ سے اپیل کی کہ وہ پرسنل لا کی وجہ سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے اقدامات کرے۔
رپورٹ کے مطابق جسٹس باغچی نے کہا کہ پرسنل لا کو کالعدم قرار دے کر ایک خلا پیدا کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ بہتر یہی ہے کہ اس معاملے کو مقننہ کے اختیار پر چھوڑ دیا جائے تاکہ وہ یکساں سول ضابطے پر قانون بنا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت پہلے بھی یکساں سول ضابطہ نافذ کرنے کی سفارش کر چکی ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک مسلم مرد کسی بھی طریقۂ کار کے تحت یکطرفہ طلاق دے سکتا ہے۔ کیا عدالت پرسنل لا کی بنیاد پر ہونے والی تمام دو شادیوں کو غیر قانونی قرار دے سکتی ہے؟ ایسا ممکن نہیں، اس لیے بنیادی فرائض کو مؤثر بنانے کے لیے مقننہ کی طاقت پر ہی انحصار کرنا ہوگا۔
واحد حل یو سی سی : چیف جسٹس سوریہ کانت
چیف جسٹس سوریہ کانت نے جسٹس باغچی کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کا حل دراصل یکساں سول ضابطہ ہی ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے عرضی گزاروں سے مسلم پرسنل لا (شریعت) ایپلی کیشن ایکٹ 1937 کے خلاف دائر ان کی عرضی کے بارے میں بھی سوالات کیے۔ عرضی گزاروں کا مؤقف ہے کہ اس قانون کی بعض دفعات مسلم خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کرتی ہیں، جن میں وراثت کا معاملہ بھی شامل ہے۔
چیف جسٹس نے سوال کیا کہ اگر 1937 کے قانون کو چیلنج کیا جا رہا ہے تو پھر اس کی جگہ کون سا قانون نافذ ہوگا اور اس سے پیدا ہونے والے خلا کا کیا ہوگا؟ عرضی گزاروں کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل پرشانت بھوشن نے جواب دیا کہ شریعت کے مطابق خواتین کو بھی جائیداد میں مردوں کے برابر حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر 1937 کا قانون غیر آئینی قرار دیا جاتا ہے تو ہندوستانی وراثتی قانون نافذ ہو جائے گا۔ تاہم جسٹس باغچی نے اس دلیل پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر 1937 کا قانون نہ بھی ہو تو کیا مسلم وراثت آئین کے آرٹیکل 372 کے تحت پرسنل لا کے مطابق نہیں چلے گی؟
چیف جسٹس سوریہ کانت نے یہ بھی اشارہ دیا کہ جلد بازی میں کیے گئے عدالتی اقدامات سے گریز کرنا بہتر ہے، کیونکہ اس سے مسلم خواتین کے حقوق متاثر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے جوش میں کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم مسلم خواتین کو ان حقوق سے بھی محروم کر دیں جو انہیں اس وقت حاصل ہیں۔ اگر 1937 کا قانون ختم ہو جاتا ہے تو اس کے بعد کیا ہوگا، یہی اصل سوال ہے۔
عرضی میں ترمیم کیوں نہیں کرتے : چیف جسٹس
عدالت نے کہا کہ اس صورتحال میں مقننہ کی مداخلت ضروری ہے اور عرضی گزاروں کو اپنی عرضی میں ترمیم کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عرضی میں کچھ متبادل تجاویز شامل کی جائیں تاکہ اسے مزید مضبوط اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق اصل سوال یہ ہے کہ اگر ہندوستانی خواتین کے کسی طبقے کو ان کے حقوق سے محروم رکھا گیا ہے تو مقصد یہ ہونا چاہیے کہ ان حقوق کو بحال کیا جائے۔
دریں اثنا، سابق چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے کہا کہ آئین میں یکساں سول ضابطہ کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔ آئین کے 75 سال مکمل ہونے کے بعد اب وقت آ گیا ہے کہ اس ہدف کو حاصل کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس قدم کو ملک کی تمام ذاتوں، برادریوں اور طبقات کو اعتماد میں لے کر ہی اٹھایا جانا چاہیے۔