سپریم کورٹ نے صدر جمہوریہ کے ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کر لیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 11-09-2025
سپریم کورٹ نے صدر جمہوریہ کے ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کر لیا
سپریم کورٹ نے صدر جمہوریہ کے ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کر لیا

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو کی جانب سے دائر ریفرنس پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا، جس میں یہ رائے طلب کی گئی تھی کہ آیا عدالتیں گورنر اور صدر کو ریاستی اسمبلی سے منظور شدہ بلوں پر دستخط کے لیے وقت کی پابندی عائد کر سکتی ہیں یا نہیں۔

مرکزی حکومت، ریفرنس کی حمایت کرنے والی ریاستوں اور اس کی مخالفت کرنے والی ریاستوں کی جانب سے دس دن تک تفصیلی دلائل سننے کے بعد چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) بی۔آر۔ گوی نے آج سماعت مکمل ہونے کا اعلان کیا۔ چیف جسٹس نے کہا: ’’یہ بہت ہی بصیرت افروز بحث رہی، سب کا شکریہ‘‘ اور اس کے ساتھ ہی بنچ نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

آئینی بنچ میں چیف جسٹس کے ساتھ جسٹس سریا کانت، جسٹس وکرم ناتھ، جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس اے ایس چندرکر شامل تھے۔ دسویں اور آخری دن، سالیسٹر جنرل آف انڈیا تشار مہتا نے اپنے دلائل کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کے پاس بل کو روکنے کا اختیار ہے، لیکن وہ شاذ و نادر ہی اس اختیار کا استعمال کرتے ہیں۔

مہتا نے کہا کہ یہ اختیار صرف اسی وقت استعمال کیا جاتا ہے جب گورنر کو کوئی ایسا بل موصول ہوتا ہے جو ’’انتہائی غیر آئینی‘‘ ہو۔ اس پر چیف جسٹس نے رائے دی کہ آئین سازوں نے یہ توقع رکھی تھی کہ ریاستی حکومت اور مرکز کے ذریعے مقرر گورنر کے درمیان ہم آہنگی ہونی چاہیے۔ مہتا نے اس بات سے اتفاق کیا لیکن کہا کہ اگر کوئی بل حد درجہ غیر آئینی ہو تو اس پر دستخط نہیں ہو سکتے۔

مثال دیتے ہوئے کہا: ’’اگر کسی ریاست کی اسمبلی یہ بل منظور کر دے کہ اب یہ ریاست ہندوستان کا حصہ نہیں رہے گی، تو ایسے میں گورنر کو لازماً اسے روکنا ہوگا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں نے ہمیشہ ان بلوں کے سلسلے میں ’’فالس تھرو‘‘ (ناکام ہونا) کی اصطلاح استعمال کی ہے جن پر گورنر نے دستخط نہیں کیے۔ ان کے مطابق اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر بل منظور نہ ہو تو وہ مر جاتا ہے۔

اٹارنی جنرل آر۔ وینکٹارامانی نے کہا کہ آرٹیکل 200 کے تحت گورنر کا کردار قانون سازی کے عمل کا لازمی حصہ ہے، جو بل کے پیش ہونے سے شروع ہوتا ہے اور اس کے قانون بننے پر ختم ہوتا ہے۔ یہ عمل کسی عدالتی جائزے کا موضوع نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہری عدالت سے یہ مطالبہ نہیں کر سکتے کہ قانون فوراً بنایا جائے یا ایک مخصوص طریقے سے بنایا جائے۔ اگر ایسا ہو تو ریاست کے پاس عوام کے مفاد میں کارروائی کرنے کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہے گی۔ دس دن کی سماعت کے دوران مختلف ریاستوں نے اس ریفرنس کی حمایت اور مخالفت میں اپنے دلائل دیے۔

ریفرنس کی حمایت کرنے والی ریاستوں میں گوا، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، راجستھان، پڈوچیری، اوڈیشہ اور اتر پردیش شامل ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ عدالتیں اعلیٰ آئینی عہدیداروں پر وقت کی پابندی نہیں لگا سکتیں۔

اس کی مخالفت کرنے والی ریاستوں میں تمل ناڈو، مغربی بنگال، کرناٹک، کیرالہ، پنجاب، ہماچل پردیش، تلنگانہ اور میگھالیہ شامل ہیں، جنہوں نے اس ریفرنس کی قابلِ سماعت حیثیت کو ہی چیلنج کیا۔ سپریم کورٹ نے دونوں فریقوں کو دلائل پیش کرنے کے لیے وقت دیا تھا۔ آج دس روزہ سماعت کے بعد پانچ رکنی بنچ نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔