نئی دہلی
سپریم کورٹ نے راجہ رگھوونشی قتل معاملے کی مرکزی ملزمہ سونم رگھوونشی کو دی گئی ضمانت پر عبوری روک لگانے سے انکار کر دیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس شیل ناگو پر مشتمل بنچ نے زبانی طور پر کہا کہ ابتدائی طور پر وہ ضمانت پر روک لگانے کے حق میں نہیں ہیں، کیونکہ یہ ایسا معاملہ نہیں ہے جس میں سونم کو گرفتاری کی وجوہات سے آگاہ نہ کیا گیا ہو۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ چونکہ سونم پہلے ہی ضمانت پر رہا ہو چکی ہیں، اس لیے عدالت فی الحال اس حکم کو منسوخ کرنے کے حق میں نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ اس معاملے کا حتمی فیصلہ ٹرائل کے دوران کیا جائے گا اور سونم کو جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے اس بات کو بھی مدنظر رکھا کہ سونم کچھ عرصہ جیل میں گزار چکی ہیں۔
سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا کہ جرم چاہے کتنا ہی سنگین کیوں نہ ہو، اس اصول کو ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ "ضمانت اصول ہے اور جیل استثنا"۔ عدالت نے یہ بھی ریمارکس دیے کہ "ہائی کورٹ نے اس معاملے کو جس انداز میں دیکھا ہے، اس پر ہمیں کچھ تحفظات ہیں۔
اگلے جمعرات کو ہوگی سماعت
سپریم کورٹ نے سونم رگھوونشی کے وکیل کو ہدایت دی کہ وہ میگھالیہ حکومت کی جانب سے دائر اس درخواست کے جواب میں جوابی حلف نامہ داخل کریں، جس میں سونم کی ضمانت کی مخالفت کی گئی ہے۔ اب اس معاملے کی اگلی سماعت آئندہ جمعرات کو ہوگی۔
دوسری جانب، راجہ رگھوونشی کی والدہ اوما رگھوونشی نے کہا کہ سیا گوئل "چھوٹی سونم" ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سیا گوئل کی چال ڈھال اور انداز مکمل طور پر سونم رگھوونشی سے ملتے جلتے ہیں۔