سپریم کورٹ نے انڈیگو بحران پر سماعت کرنے سے انکار کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-12-2025
سپریم کورٹ نے انڈیگو بحران پر سماعت کرنے سے انکار کیا
سپریم کورٹ نے انڈیگو بحران پر سماعت کرنے سے انکار کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
انڈیگو کی جانب سے سینکڑوں پروازیں منسوخ کیے جانے کے معاملے میں سپریم کورٹ نے فوری سماعت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایئرلائن نہیں چلا سکتے۔ عدالت نے کہا کہ ہندوستانی حکومت پہلے ہی اس معاملے کا نوٹس لے چکی ہے اور وقت پر کارروائی بھی کی گئی ہے۔ اس کے بعد معاملے کو بدھ کے لیے فہرست میں شامل کر لیا گیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ انڈیگو کی پروازوں میں لگاتار ساتویں دن بھی رکاوٹ جاری رہی۔ ایئرلائن نے پیر کے روز دہلی اور بنگلورو ایئرپورٹ سے 250 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دیں۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے یہ اعتراف کیا کہ پروازیں منسوخ ہونے کے سبب کئی مسافروں کو سنگین صحت مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ درخواست گزار وکیل نریندر مشرا نے عرضی دائر کرتے ہوئے عدالتِ عظمیٰ سے اس معاملے کی جلد سماعت کی مانگ کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 2,500 سے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں اور پورے ملک کے بڑے ہوائی اڈے متاثر ہوئے ہیں، اس لیے سپریم کورٹ کو فوری مداخلت کرنی چاہیے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ انڈیگو نے بنگلورو ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی 62 پروازیں اور یہاں پہنچنے والی 65 پروازیں منسوخ کی ہیں۔ اسی طرح دہلی ایئرپورٹ پر 134 پروازیں منسوخ کی گئیں جن میں سے 75 کو روانہ ہونا تھا جبکہ 59 یہاں لینڈ کرنے والی تھیں۔
وجہ بتاؤ نوٹس کے جواب کی مہلت میں اضافہ
اس کے علاوہ، ہوابازی کی سکیورٹی کے نگران ادارے  ڈی جی سی ے نے اتوار دیر رات جاری حکم میں انڈیگو کے سی ای او پیٹر ایلبرس اور چیف آپریٹنگ آفیسر و ذمہ دار مینیجر اسیدرو پوڑکیراس کو وجہ بتاؤ نوٹس کے جواب کے لیے دی گئی مہلت بڑھا دی ہے۔ اب انہیں پیر کی شام 6 بجے تک اپنا جواب جمع کرانا ہوگا۔ ایک سینئر افسر نے بتایا کہ دونوں کو جواب داخل کرنے کے لیے 24 گھنٹوں کا اضافی وقت دیا گیا ہے۔
یہ بات قابلِ غور ہے کہ پچھلے کئی دنوں سے انڈیگو کی پروازوں میں بڑے پیمانے پر رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے، جس کے سبب ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اسی وجہ سے ریگولیٹر نے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا۔
۔2 دسمبر سے جاری ہے انڈیگو کا بحران
انڈیگو کو 2 دسمبر سے سینکڑوں پروازیں منسوخ کرنے پر حکومت اور مسافروں — دونوں کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایئرلائن نے ان منسوخیوں کی وجہ پائلٹس کی نئی فلائٹ ڈیوٹی اور ضابطوں میں تبدیلی کو بتایا ہے، جس کے باعث ملک بھر میں لاکھوں مسافر ہوائی اڈوں پر پھنس گئے۔
پہلے تین دنوں تک راہل بھاٹیہ کی جزوی ملکیت والی یہ ایئرلائن ان بڑے پیمانے پر ہو رہی منسوخیوں کو تسلیم کرنے میں ناکام رہی۔ صرف ایک دن (جمعہ) میں 1600 پروازیں منسوخ ہوئیں، جو ہندوستانی ہوابازی کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ اس کے بعد سی ای او پیٹر ایلبرس نے مسافروں کو ہونے والی تکلیف پر معذرت کرتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کیا۔