سپریم کورٹ نے ریپ ایف آئی آر منسوخ کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 01-10-2025
سپریم کورٹ نے ریپ ایف آئی آر منسوخ کیا
سپریم کورٹ نے ریپ ایف آئی آر منسوخ کیا

 



نئی دہلی : سپریم کورٹ نے حال ہی میں ایک شخص کے خلاف ریپ کے مقدمے میں درج ایف آئی آر اور چارج شیٹ کو منسوخ کر دیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ یہ ایف آئی آر دراصل "بعد کی سوچ (afterthought) اور آنے والے نتائج سے انتقام لینے کا ایک ذریعہ" تھی۔

جسٹس سنجے کرول اور جسٹس این کوٹیشور سنگھ کی بنچ نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو مسترد کر دیا جس نے ایف آئی آر کو منسوخ کرنے سے انکار کیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے مشاہدہ کیا کہ ایف آئی آر صرف اس وقت درج کی گئی جب شکایت کنندہ کو اس کے آجر کی طرف سے شو کاز نوٹس جاری کیا گیا، اور یہ نوٹس ملزم کی طرف سے دی گئی شکایات کے بعد دیا گیا تھا۔

کیس کے مطابق، میونسپل کارپوریشن کی ایک ملازمہ جو کمپیوٹر آپریٹر کے طور پر کام کرتی تھی، نے اپنے ساتھی ملازم، اسسٹنٹ ریونیو انسپکٹر، پر الزامات لگائے، جس کے ساتھ اس کے پانچ سال سے دوستانہ تعلقات تھے۔ شادی شدہ اور ایک بیٹے کی ماں ہونے کے باوجود اس نے ملزم کے ساتھ شادی کے وعدے پر جسمانی تعلق قائم کیا۔

اس نے الزام لگایا کہ 15 مارچ 2023 کو ملزم نے اسے شادی کے وعدے پر جنسی تعلقات کے لیے مجبور کیا اور یہ سلسلہ اپریل 2023 تک چلتا رہا۔ بعد میں جب اس نے شادی کے بارے میں پوچھا تو اس نے انکار کر دیا اور کہا کہ وہ کسی اور سے شادی کر لے۔ اس کے بعد خاتون نے اپنے ساتھی کے خلاف ریپ کی ایف آئی آر درج کرائی۔

تاہم اس سے پہلے ملزم نے شکایت کنندہ کے خلاف کئی شکایات درج کرائی تھیں جن میں ہراسانی، خودکشی کی دھمکی اور بدزبانی جیسے الزامات شامل تھے۔ ملزم نے میونسپل اور پولیس حکام کو تحریری شکایات بھیجی تھیں جس کے بعد 6 جولائی 2023 کو خاتون کو شو کاز نوٹس جاری کیا گیا، جس میں خبردار کیا گیا تھا کہ اگر اس کا رویہ درست نہ ہوا تو اسے ملازمت سے برطرف کیا جا سکتا ہے۔

مبینہ واقعے کے چار ماہ بعد، اور صرف اس نوٹس کے بعد ہی ایف آئی آر درج کی گئی۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایف آئی آر کے درج ہونے کا وقت اس بات کا قوی امکان ظاہر کرتا ہے کہ یہ "بعد کی سوچ اور آنے والے نتائج سے انتقام لینے کا ذریعہ" تھی۔

عدالت نے کہا: "اگر شکایت میں بیان کردہ جرم کو پہلی نظر میں ہی درست مان لیا جائے تو بھی یہ ظاہر ہوتا ہے کہ شکایت کنندہ نے شادی کے وعدے پر تعلقات قائم کیے۔ جب بعد میں اسے احساس ہوا کہ اس کے ساتھ فائدہ اٹھایا گیا ہے تو اسے فوراً کارروائی کرنی چاہیے تھی۔ لیکن اس نے ایسا نہیں کیا، بلکہ ایف آئی آر صرف اس وقت درج کی جب شو کاز نوٹس جاری ہوا۔ اس حقیقت سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ایف آئی آر دراصل بعد کی سوچ تھی اور آنے والے نتائج کے خلاف انتقام کا ذریعہ بن گئی۔" چنانچہ سپریم کورٹ نے ایف آئی آر اور چارج شیٹ کو منسوخ کر دیا۔