کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو سپریم کورٹ کا نوٹس

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-12-2025
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو سپریم کورٹ کا نوٹس
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو سپریم کورٹ کا نوٹس

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارامیا کو نوٹس جاری کیا ہے۔ یہ نوٹس 2023 کے اسمبلی انتخابات میں ورونا اسمبلی حلقے سے ان کی جیت کو چیلنج کرنے والی ایک درخواست پر جاری ہوا ہے۔ جسٹس وکرم ناتھ کی سربراہی والی بینچ نے اس معاملے میں وزیراعلیٰ سے جواب طلب کیا ہے۔
پیر کو جب سماعت شروع ہوئی تو عدالت اس درخواست کو سننے کے حق میں نظر نہیں آ رہی تھی، لیکن تب عدالت کو بتایا گیا کہ ایس سبریشّم بالا جی بنام حکومت تمل ناڈو والا معاملہ (جس میں یہ سوال ہے کہ کیا انتخابات سے پہلے کیے گئے وعدے بدعنوان طرزِ عمل میں شمار ہوتے ہیں) تین ججوں کی بینچ کے سامنے زیرِ التوا ہے۔
اسی طرح کے ایک اور معاملے میں آج ہی جسٹس ایم ایم سندریش کی سربراہی والی بینچ نے نوٹس جاری کیا، جس کے بعد جسٹس وکرم ناتھ کی بینچ نے بھی موجودہ درخواست پر فریقِ مخالف کو نوٹس بھیج دیا۔ سماعت کے دوران جسٹس وکرم ناتھ نے پوچھا کہ چناؤی منشور جاری کرنا بدعنوان طرزِ عمل کیسے ہو سکتا ہے؟
ہائیکورٹ نے درخواست خارج کر دی تھی
درخواست گزار نے الزام لگایا ہے کہ کانگریس لیڈر نے انتخابی بے ضابطگیوں میں ملوث ہو کر انتخاب جیتا۔ اس معاملے میں کرناٹک ہائیکورٹ نے درخواست گزار کی عرضی خارج کر دی تھی، جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ پہنچا ہے۔ کہا گیا کہ کانگریس کے منشور میں کرناٹک کی عوام کو پانچ گارنٹیاں دی گئی تھیں
گرہ جیوَتی: ہر گھر کو 200 یونٹ مفت بجلی
گرہ لکشمی: ہر خاندان کی خاتون سربراہ کو ماہانہ 2000 روپے
انّ بھاگیہ: بی پی ایل خاندان کے ہر فرد کو ماہانہ 10 کلو غذا
یُووا ندھی: بے روزگار گریجویٹس کو دو سال تک ماہانہ 3000 اور ڈپلومہ ہولڈرز کو ماہانہ 1500 روپے
شکتی اسکیم: ریاست بھر میں بی ایم ٹی سی اور کے ایس آر ٹی سی کی عام بسوں میں تمام خواتین کو مفت سفری سہولت
فریبی اسکیموں پر بھی سوال
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ اس قسم کے مفت تحفے بدعنوان طرزِ عمل میں آتے ہیں۔ ان کے مطابق خواتین کے لیے مفت بس سفر جیسی اسکیمیں (شکتی اسکیم) آئین کے آرٹیکل 14 کی خلاف ورزی کرتی ہیں اور مردوں کے ساتھ امتیاز برتتی ہیں۔
درخواست گزار نے مطالبہ کیا ہے کہ: سدارامیا کا انتخاب غیر قانونی قرار دیا جائے، انہیں چھ سال کے لیے انتخاب لڑنے سے روکا جائے۔