سپریم کورٹ کا آوارہ کتوں کے معاملے پر اہم فیصلہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-01-2026
سپریم کورٹ کا آوارہ کتوں کے معاملے پر اہم فیصلہ
سپریم کورٹ کا آوارہ کتوں کے معاملے پر اہم فیصلہ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے منگل کے روز آوارہ کتوں سے متعلق معاملے کی سماعت جاری رکھتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر کتے کے کاٹنے سے بچوں یا بزرگوں کی موت ہوتی ہے اور ریاستیں کچھ نہیں کرتیں، تو انہیں ایسے ہر معاملے میں معاوضہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ کتوں کو کھانا کھلاتے ہیں، ان کی بھی جواب دہی طے کی جائے گی۔
لائیو لا کی رپورٹ کے مطابق، اس معاملے کی سماعت جسٹس وکرم ناتھ، جسٹس سندیپ مہتا اور جسٹس این وی انجاریا پر مشتمل تین رکنی بنچ نے کی۔ جسٹس وکرم ناتھ نے کہا کہ کتے کے کاٹنے سے بچوں یا بزرگوں کی موت یا زخمی ہونے کے ہر معاملے میں ریاست کی جانب سے بھاری معاوضہ مقرر کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ ہم کچھ نہیں کر رہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان لوگوں پر بھی ذمہ داری عائد ہونی چاہیے جو کہتے ہیں کہ ہم کتوں کو کھانا کھلا رہے ہیں۔ اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو انہیں اپنے گھروں میں لے جائیں۔ کتے اِدھر اُدھر گندگی کیوں پھیلا رہے ہیں، کاٹ کیوں رہے ہیں اور لوگوں کو کیوں خوفزدہ کر رہے ہیں؟
سپریم کورٹ کا سوال
سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ جب ایک نو سالہ بچے کی موت ان کتوں کے حملے میں ہو جاتی ہے جنہیں کسی مخصوص تنظیم کے ذریعے پالا پوسا جاتا ہے، تو اس کا ذمہ دار کس کو ٹھہرایا جانا چاہیے؟ کیا اس تنظیم کو نقصان کی تلافی کا ذمہ دار نہیں بنایا جانا چاہیے؟
جسٹس سندیپ مہتا نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فرض کریں ایک رہائشی سوسائٹی ہے جہاں 95 فیصد لوگ کتے نہیں رکھنا چاہتے، تو کیا کتے رکھنے والے 5 فیصد لوگ سب کے لیے فیصلہ کریں گے؟ جب میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں نے کتوں کو پکڑنے کی کوشش کی تو نام نہاد ڈاگ لوورز نے ان پر حملہ کر دیا۔ یہاں تک کہ عدالتیں بھی غیر محفوظ ہو گئی ہیں۔
سپریم کورٹ کے گزشتہ سال کے احکامات
قابلِ ذکر ہے کہ آوارہ کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر، سپریم کورٹ نے گزشتہ سال 7 نومبر کو تعلیمی اداروں، اسپتالوں، بس اسٹینڈز، کھیل کے میدانوں اور ریلوے اسٹیشنوں سے آوارہ کتوں کو ہٹانے کا حکم دیا تھا اور ہدایت کی تھی کہ انہیں شیلٹر ہومز میں منتقل کیا جائے۔
ازخود نوٹس لیتے ہوئے آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی نگرانی کرنے والی بنچ نے حکام کو یہ بھی ہدایت دی تھی کہ سرکاری اور عوامی اداروں کے احاطوں میں کتوں کے داخلے کو روکا جائے، اور یہ بھی واضح کیا تھا کہ انہیں اسی جگہ واپس نہ چھوڑا جائے جہاں سے انہیں پکڑا گیا ہو۔