سپریم کورٹ نے ای ڈی کو نوٹس جاری کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 31-10-2025
سپریم کورٹ نے ای ڈی کو نوٹس جاری کیا
سپریم کورٹ نے ای ڈی کو نوٹس جاری کیا

 



نئی دہلی/آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز چھتیس گڑھ کے سابق وزیرِ اعلیٰ بھوپیش بگھیل کے بیٹے چیتنیا بگھیل کی عرضی پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) سے جواب طلب کیا ہے۔ چیتنیا بگھیل نے شراب گھوٹالے کے سلسلے میں ای ڈی کی جانب سے کی گئی اپنی گرفتاری کو چیلنج کیا ہے۔
بار اینڈ بنچ کی رپورٹ کے مطابق، جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس باگچی کی بنچ نے اس معاملے میں ای ڈی کو نوٹس جاری کیا ہے۔ سماعت کے دوران جسٹس باگچی نے کہا کہ یہ گرفتاری کے جواز سے زیادہ، بی این ایس ایس 2023 کی دفعہ 190 کی تشریح کا معاملہ ہے۔ آپ تفتیش میں کتنا وقت لے سکتے ہیں؟ ای ڈی کی جانب سے پیش ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے جواب دیا کہ عدالت نے انہیں تفتیش مکمل کرنے کے لیے تین ماہ کا وقت دیا ہے۔ اس کے بعد عدالت نے ای ڈی کو دس دنوں کے اندر اپنا جواب داخل کرنے کا حکم دیا۔
سینئر وکلاء این ہرہرن اور کپل سبل نے بگھیل کی جانب سے دلیل دی کہ ای ڈی ان کے مؤکل کی گرفتاری کو طول دینے کے لیے جان بوجھ کر مقدمے میں تاخیر کر رہا ہے۔ ہرہرن نے کہا کہ "تفتیش کا کوئی اختتام دکھائی نہیں دے رہا۔ ہم نے ہائی کورٹ میں گرفتاری کے جواز کو منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے۔
کپل سبل نے کہا کہ  ای ڈی نے میرے مؤکل کو ’عدم تعاون‘ کے بہانے گرفتار کیا، حالانکہ کبھی کوئی نوٹس نہیں بھیجا، نہ کبھی تلبیہ کیا۔ یہی گرفتاری کے خلاف ہماری دلیل ہے۔ انہوں نے مجھے کبھی طلب نہیں کیا اور پھر بھی مجھے پی ایم ایل اے کی دفعہ 19 کے تحت گرفتار کر لیا، جو وہ نہیں کر سکتے۔ انہیں پہلے نوٹس دینا لازمی ہے۔ بغیر نوٹس دیے کسی کو عدم تعاون کے الزام پر گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔
جسٹس کانت نے کہا کہ عدم تعاون گرفتاری کی واحد بنیاد نہیں ہو سکتا۔
اس پر سبل نے جواب دیا کہ یہ محض الزام ہے۔ اصل مسئلہ یہی ہے ۔ عدم تعاون۔ انہوں نے شکایت درج کی، عدالت کی اجازت نہیں لی اور اس طرح مقدمہ کبھی شروع ہی نہیں ہوا۔ انہوں نے جان بوجھ کر تاخیر کی اور مجھے حراست میں رکھا۔
قابلِ ذکر ہے کہ سابق وزیرِ اعلیٰ بھوپیش بگھیل کے بیٹے چیتنیا بگھیل نے منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے اہم دفعات کو چیلنج کرتے ہوئے ایک علیحدہ عرضی بھی دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ دفعات بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔ ان کے وکیل نے عدالت کو تجویز دی کہ ان کی گرفتاری منسوخ کرنے والی عرضی کے ساتھ اس عرضی کو بھی منسلک کیا جا سکتا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ دو ہزار کروڑ روپے کے شراب گھوٹالے میں الزام ہے کہ 2019 سے 2022 کے درمیان سیاست دانوں، محکمۂ آبکاری کے افسران اور نجی آپریٹروں نے چھتیس گڑھ میں شراب کے کاروبار میں بے ضابطگیاں کیں۔ چیتنیا بگھیل پر الزام ہے کہ انہوں نے فرضی کمپنیوں اور رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری کے ذریعے غیر قانونی آمدنی کے ایک حصے کو جائز دکھانے کی کوشش کی۔
17 اکتوبر کو چھتیس گڑھ ہائی کورٹ نے چیتنیا بگھیل کی گرفتاری کو چیلنج کرنے والی عرضی مسترد کر دی تھی۔ عدالت نے کہا کہ اگرچہ ای ڈی نے دائرہ اختیار رکھنے والی عدالت سے لازمی اجازت لیے بغیر تفتیش آگے بڑھائی، لیکن یہ صرف ایک ’’عملی بے ضابطگی‘‘ تھی، جس سے تفتیش غیر قانونی نہیں ہو جاتی۔ چیتنیا بگھیل نے اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے دلیل دی ہے کہ ای ڈی کی طرف سے عمل میں بے ضابطگی کے باعث پوری کارروائی بے معنی ہو گئی ہے اور ان کی گرفتاری غیر قانونی ہے۔
ایک علیحدہ عرضی میں چیتنیا بگھیل نے پی ایم ایل اے کی دفعات 50 اور 63 کی آئینی حیثیت پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ دفعات آئین کے آرٹیکل 14، 20(3) اور 21 کی خلاف ورزی کرتی ہیں کیونکہ یہ ای ڈی کو یہ اختیار دیتی ہیں کہ وہ فوجداری ضابطہ (سی آر پی سی) میں دی گئی قانونی ضمانتوں کے بغیر کسی فرد کو خود کے خلاف بیان دینے پر مجبور کرے۔
عرضی میں کہا گیا ہے کہ پی ایم ایل اے کی دفعہ 50 کے تحت دیے گئے بیانات اکثر دباؤ میں حاصل کیے جاتے ہیں اور بعد میں ان ہی بیانات کو ملزمان کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے، جو خود کے خلاف بیان نہ دینے کے آئینی حق کی خلاف ورزی ہے۔