نئی دہلی/ آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے پیر کے روز تین ملزمان محمد دانش، فیضان اور نذیر کو ضمانت دے دی، جنہیں گزشتہ سال اتر پردیش کے سنبھل میں ایک مغلیہ دور کی مسجد کے عدالتی حکم پر آثارِ قدیمہ کے محکمے کے معائنے کے دوران ہونے والے تشدد کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس واقعے میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ گزشتہ سال نومبر میں ہونے والے اس تشدد کے بعد متعدد ایف آئی آرز درج کی گئی تھیں اور اسی (80) افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
جسٹس پی ایس نرسمہا اور آر۔ مہادیون پر مشتمل دو رکنی بینچ نے یہ فیصلہ سنایا کہ چونکہ تشدد کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں اور چارج شیٹ داخل کر دی گئی ہے، اس لیے تینوں ملزمان کو ضمانت دی جا سکتی ہے۔ یہ تینوں ملزمان سپریم کورٹ سے رجوع اس وقت ہوئے جب ان کی ضمانت کی درخواستیں الہ آباد ہائی کورٹ نے مسترد کر دی تھیں۔
سماعت کے دوران اتر پردیش حکومت کے وکیل نے تینوں ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کی۔ دوسری جانب، تینوں درخواست گزاروں کے وکیل ایڈوکیٹ سلیمان خان نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکلوں کے نام ابتدائی ایف آئی آر میں شامل نہیں تھے اور ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت بھی برآمد نہیں ہوا۔ وکیل نے مزید کہا کہ ان کے خلاف واحد "ثبوت" ایک ہم جرم کا مبینہ اعترافی بیان ہے، جو قانونِ شہادت کے مطابق ناقابلِ قبول ہے۔
ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت اس بنیاد پر مسترد کی تھی کہ اگرچہ ملزمان کے نام ایف آئی آر میں شامل نہیں تھے، لیکن سی سی ٹی وی فوٹیج اور ملنے والے شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ پتھراؤ اور آتش زنی میں ملوث تھے۔ تینوں درخواست گزاروں پر بھارتیہ نیائے سنہتا اور پبلک پراپرٹی کو نقصان سے بچاؤ کے قانون کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔ ان دفعات میں مہلک ہتھیاروں سے ہنگامہ آرائی، انسانی جان کو خطرے میں ڈالنا، اور قتل کی کوشش جیسے سنگین جرائم شامل ہیں۔ سپریم کورٹ نے اب تینوں کو ضمانت دے دی ہے — محمد دانش اور فیضان کو ایک ایف آئی آر کے معاملے میں جبکہ نذیر کو دو مختلف ایف آئی آرز میں ضمانت دی گئی ہے۔