سپریم کورٹ کی مہاراشٹر حکومت پر سخت برہمی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 11-07-2026
سپریم کورٹ کی مہاراشٹر حکومت پر سخت برہمی
سپریم کورٹ کی مہاراشٹر حکومت پر سخت برہمی

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے فوجداری مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں کی سخت مخالفت کرنے، لیکن مقدمات کی سماعت میں تیزی نہ لانے پر مہاراشٹر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور خبردار کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عدالت ریاستی حکومت کو عوام کے سامنے بے نقاب کر دے گی۔

جسٹس احسن الدین امان اللہ اور جسٹس شیل ناگو پر مشتمل بنچ ایک غیر ملکی شہری کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواست پر سماعت کر رہا تھا۔ سماعت کے دوران عدالت نے کہا، "ہر روز اس نوعیت کے مقدمات مہاراشٹر سے ہمارے سامنے آتے ہیں۔ آپ ضمانت کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں، لیکن مقدمے کی سماعت تیز کرنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھاتے۔ جب ہم مقدمے کا جائزہ لیتے ہیں تو شواہد کمزور نظر آتے ہیں۔ ہم آپ (ریاستی حکومت) کو عوام کے سامنے بے نقاب کر دیں گے۔"

اغوا اور قتل کے ایک مقدمے میں گرفتار ملزم نے عدالت کو بتایا کہ وہ گزشتہ چار برس سے جیل میں ہے اور اس عرصے میں اس کا مقدمہ ٹرائل کورٹ میں 86 مرتبہ سماعت کے لیے مقرر ہوا۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ 53 مواقع پر اسے عدالت میں پیش ہی نہیں کیا گیا۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ٹرائل کورٹ میں ملزم کو پیش نہ کرنا مہاراشٹر حکومت کی سنگین کوتاہی ہے۔

عدالت نے ملزم کے جلد سماعت کے بنیادی حق سے متعلق اپنے سابقہ فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، "ہمیں اس صورتحال پر شرمندگی محسوس ہو رہی ہے۔ چار برس میں 34 گواہوں میں سے صرف دو کے بیانات قلم بند کیے گئے ہیں۔ یہ معاملہ کافی عرصے سے عدالت کی تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔

" بنچ نے مزید کہا، "جب ریاست ضمانت کی درخواستوں کی پوری قوت سے مخالفت کرتی ہے تو اس کی یہ بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ مقدمے کی سماعت بغیر رکاوٹ کے آگے بڑھے، لیکن اس معاملے میں ریاست ناکام نظر آتی ہے۔" مہاراشٹر حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اب ریاست اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ہر سماعت کے موقع پر تمام ملزمان کو ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جائے۔ تاہم سپریم کورٹ نے کہا کہ تمام ریاستوں کو مقدمات کی جلد سماعت یقینی بنانے کے لیے واضح اور مؤثر پالیسی وضع کرنی چاہیے۔