نئی دہلی/ آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے پیر کے روز 2020 کے شمال مشرقی دہلی فسادات سے جڑی مبینہ بڑی سازش کے ایک معاملے میں عمر خالد اور شرجیل امام کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔ تاہم عدالت نے گلفشاں فاطمہ، میران حیدر، شفا اُر رحمان، محمد سلیم خان اور شاداب احمد کو ضمانت دے دی۔
عدالت نے کہا کہ عمر خالد اور شرجیل امام استغاثہ اور شواہد دونوں کے اعتبار سے “معیاری طور پر مختلف حیثیت” رکھتے ہیں۔ عدالت کے مطابق ان دونوں کا مبینہ جرائم میں کردار “مرکزی” تھا۔ ان کے بارے میں عدالت نے واضح کیا کہ اگرچہ قید کی مدت طویل ہے اور مسلسل جاری ہے، لیکن یہ آئینی تقاضوں کی خلاف ورزی نہیں کرتی اور نہ ہی متعلقہ قوانین کے تحت عائد قانونی پابندی کو کالعدم بناتی ہے۔
جسٹس اروند کمار اور جسٹس این وی انجریا پر مشتمل سپریم کورٹ کی بنچ نے گلفشاں فاطمہ، میران حیدر، شفا اُر رحمان، محمد سلیم خان اور شاداب احمد کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستوں پر یہ فیصلہ سنایا۔
اس سے قبل، عدالتِ عظمیٰ نے 10 دسمبر کو تمام فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ ضمانت کی سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکلاء نے بنیادی طور پر مقدمے میں تاخیر اور ٹرائل کے جلد شروع ہونے کے امکانات نہ ہونے پر دلائل دیے۔ عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ وہ یو اے پی اے کے تحت سنگین الزامات والے اس مقدمے میں پانچ سال سے زائد عرصے سے حراست میں ہیں۔ یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا کہ پانچ برس گزرنے کے باوجود اس بات کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا کہ انہوں نے تشدد کو بھڑکایا یا فسادات کی ترغیب دی۔
دوسری جانب دہلی پولیس نے ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ جرائم ریاست کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی دانستہ کوشش تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ یہ اچانک ہونے والے احتجاج نہیں تھے بلکہ ایک منظم “پین-ہندوستان” سازش تھی جس کا مقصد “حکومتی تبدیلی” اور “معاشی دباؤ” پیدا کرنا تھا۔ دہلی پولیس نے مزید کہا کہ مبینہ سازش کو اُس وقت کے امریکی صدر کے سرکاری دورۂ ہندوستان کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا تھا، تاکہ بین الاقوامی میڈیا کی توجہ حاصل کی جا سکے اور شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے مسئلے کو عالمی سطح پر اُجاگر کیا جا سکے۔
پولیس کے مطابق، سی اے اے کے مسئلے کو سوچ سمجھ کر ایک “انتہاپسندانہ محرک” کے طور پر منتخب کیا گیا، جسے “پرامن احتجاج” کے نام پر چھپایا گیا۔ استغاثہ نے یہ بھی کہا کہ درخواست گزاروں کی جانب سے رچی گئی “گہری، پہلے سے طے شدہ اور منصوبہ بند سازش” کے نتیجے میں 53 افراد کی موت واقع ہوئی، عوامی املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا اور صرف دہلی میں 753 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ دہلی پولیس کے مطابق، ریکارڈ پر موجود شواہد سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اس سازش کو پورے ہندوستان میں دہرانے اور نافذ کرنے کی کوشش کی گئی۔ 2 ستمبر 2025 کو دہلی ہائی کورٹ نے اس مقدمے میں عمر خالد اور شرجیل امام سمیت نو ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں، جس کے بعد ملزمان نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
ہائی کورٹ نے مشاہدہ کیا تھا کہ بادی النظر میں پوری سازش میں امام اور خالد کا کردار “سنگین” تھا اور انہوں نے فرقہ وارانہ خطوط پر اشتعال انگیز تقاریر کر کے “مسلم برادری کے افراد کو بڑے پیمانے پر متحرک کرنے” کی کوشش کی۔ عمر خالد، شرجیل امام اور دیگر کو جنوری 2020 میں فروری 2020 کے دہلی فسادات کے معاملے میں غیر قانونی سرگرمیاں (انسداد) قانون (یو اے پی اے) کی سخت دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔
یہ تشدد اُس وقت بھڑکا تھا جب مجوزہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور قومی رجسٹر برائے شہریت (این آر سی) کے خلاف احتجاج جاری تھے، جس میں 53 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔