سپریم کورٹ: طلبہ احتجاج پر ریاستیں قانون کے مطابق مقدمات واپس لینے کے لیے آزاد

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 03-08-2026
 سپریم کورٹ: طلبہ احتجاج پر ریاستیں قانون کے مطابق مقدمات واپس لینے کے لیے آزاد
سپریم کورٹ: طلبہ احتجاج پر ریاستیں قانون کے مطابق مقدمات واپس لینے کے لیے آزاد

 



نئی دہلی:سپریم کورٹ نے پیر کو طلبہ احتجاج سے متعلق تشدد کے مقدمات میں اپنے 28 جولائی کے عبوری حکم کے دو اہم نکات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت اور دیگر ریاستی حکومتیں قانون کے مطابق فوجداری مقدمات بند کرنے یا واپس لینے کے لیے آزاد ہیں۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ اس کے سابقہ حکم میں استعمال ہونے والی اصطلاح "مجرمانہ سابقہ ریکارڈ" سے مراد صرف ایسے افراد ہیں جن پر سنگین اور گھناؤنے جرائم کے الزامات ہوں۔

چیف جسٹس آف انڈیا سوریا کانت کی سربراہی والی بنچ نے حالیہ طلبہ احتجاج کے دوران مبینہ پولیس زیادتیوں اور طاقت کے استعمال سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے یہ وضاحت کی۔عدالت نے کہا کہ "دہلی حکومت یا کوئی بھی دوسری ریاست قانون کے مطابق ایسے فوجداری مقدمات بند کرنے یا واپس لینے کے لیے آزاد ہوگی۔ ہمارے سابقہ حکم میں 'مجرمانہ سابقہ ریکارڈ' سے مراد صرف سنگین اور گھناؤنے جرائم ہیں۔"

28 جولائی کے اپنے عبوری حکم میں سپریم کورٹ نے احتجاج کے دوران حراست میں لیے گئے ان افراد کی رہائی کا حکم دیا تھا جن کا کوئی مجرمانہ سابقہ ریکارڈ نہیں تھا جبکہ ایسے افراد کو اس رعایت سے خارج رکھا گیا تھا جن کے خلاف مجرمانہ ریکارڈ موجود ہو۔سماعت کے دوران عدالت نے یہ بھی اشارہ دیا کہ وہ پولیس زیادتیوں کے الزامات کی جانچ کے لیے ایک آزادانہ نظام قائم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ اس مجوزہ ادارے کو ضروری نہیں کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کہا جائے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ دو تجاویز زیر غور ہیں۔ ایک یہ کہ کسی سینئر پولیس افسر کی سربراہی میں تحقیقات ہوں اور دوسری یہ کہ کسی جج کی نگرانی میں ایک آزادانہ نظام قائم کیا جائے جسے ایس آئی ٹی کا نام نہ دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ نظام پولیس حکام اور مظاہرین دونوں کے خلاف لگائے گئے الزامات کا جائزہ لے گا۔

درخواست گزاروں کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ "مجرمانہ سابقہ ریکارڈ" کی اصطلاح کی حد سے زیادہ وسیع تشریح کی جا رہی ہے جس کے باعث غیر ضروری گرفتاریاں ہو رہی ہیں۔

مرکز اور دہلی حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے عدالت کو یقین دلایا کہ پرامن احتجاج کرنے والوں کو عادی مجرموں کے برابر نہیں سمجھا جائے گا اور ایسے افراد کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی جو سخت نوعیت کے مجرم نہیں ہیں۔

مقدمات بند کرنے یا واپس لینے کے طریقۂ کار پر سپریم کورٹ نے کہا کہ متعلقہ حکام کو ایک مناسب نظام وضع کرنا ہوگا۔ عدالت نے تجویز دی کہ پہلے تمام ریاستوں اور دہلی میں درج ایف آئی آر کی معلومات جمع کی جائیں پھر ان افراد کو الگ کیا جائے جن کا کوئی سنگین مجرمانہ ریکارڈ نہیں اور اس کے بعد مناسب قانونی کارروائی کی جائے۔

جسٹس جوئے مالیہ باگچی نے کہا کہ اس مقصد کے لیے کئی قانونی راستے موجود ہیں جن میں اختتامی رپورٹ داخل کرنا مقدمہ ختم کرانا یا سرکاری وکیل کے ذریعے ایف آئی آر واپس لینا شامل ہے۔سماعت کے دوران ایک درخواست گزار نے احتجاج کے دوران پیلٹ گن اور کیل لگی لاٹھیوں کے استعمال پر بھی سوال اٹھایا اور سینئر پولیس افسران کی جوابدہی کا مطالبہ کیا۔

اس معاملے پر سپریم کورٹ نے مرکز سے حلف نامہ طلب کرتے ہوئے کہا کہ پیلٹ گن کے استعمال یا اس سے گریز کے لیے واضح رہنما اصول طے کیے جائیں گے۔عدالت نے مرکز کو ایف آئی آر اور پیلٹ گن کے استعمال دونوں معاملات پر حلف نامے داخل کرنے کی ہدایت دی۔اب اس مقدمے کی آئندہ سماعت 18 اگست کو ہوگی جہاں مجوزہ جج کی سربراہی والے پینل کی تشکیل اور مرکز کی جانب سے داخل کیے جانے والے حلف ناموں پر غور کیا جائے گا۔