نئی دہلی :سپریم کورٹ نے جمعہ کو اہم عبوری حکم جاری کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کی ویڈیوز کو بغیر اجازت نکالنے۔ ترمیم کرنے۔ اپ لوڈ کرنے۔ دوبارہ شیئر کرنے۔ پھیلانے یا ان سے مالی فائدہ اٹھانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔چیف جسٹس سوریا کانت کی سربراہی میں جسٹس جویمالیہ باغچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے حکم دیا کہ سپریم کورٹ کے سیکریٹری جنرل یا متعلقہ ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل کی پیشگی اجازت کے بغیر لائیو اسٹریم کی گئی عدالتی کارروائی کا کوئی حصہ سوشل میڈیا یا کسی بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر پوسٹ یا استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ سپریم کورٹ کے سیکریٹری جنرل اور تمام ہائی کورٹس کے رجسٹرار جنرل اس حکم کو اپنی سرکاری ویب سائٹس پر جاری کریں۔سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ یہ حکم عدالتی کارروائی کی خبروں کی رپورٹنگ پر لاگو نہیں ہوگا اور میڈیا حسب معمول عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ جاری رکھ سکتا ہے۔
عدالت نے اس معاملے پر مرکزی حکومت اور تمام ریاستی حکومتوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔ ساتھ ہی تمام ہائی کورٹس سے یہ بھی رپورٹ طلب کی ہے کہ عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کے ضابطوں کے لیے کیا قوانین اختیار کیے گئے ہیں۔عدالت نے اپنے عبوری حکم میں کہا کہ آئندہ کسی بھی عدالت کی لائیو اسٹریم کارروائی کو بغیر اجازت پوسٹ کرنا۔ دوبارہ شیئر کرنا۔ اس میں تبدیلی کرنا۔ پھیلانا یا اس سے آمدنی حاصل کرنا ممنوع ہوگا۔
یہ حکم ہرشیتا گروور کی جانب سے دائر مفاد عامہ کی درخواست پر دیا گیا جس میں عدالتی کارروائی کی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کے کلپس کو کاٹنے۔ ترمیم کرنے۔ پھیلانے اور ان سے کمائی کرنے کے عمل کو منظم کرنے کے لیے رہنما اصول وضع کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل وکاس سنگھ نے کہا کہ درخواست عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کے خلاف نہیں ہے بلکہ سوشل میڈیا پر ویڈیوز کے منتخب حصوں کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پھیلانے پر تشویش ظاہر کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح عدالتی کارروائی کا غلط تاثر پیدا ہوتا ہے۔
جسٹس جویمالیہ باغچی نے کہا کہ تمام عدالتوں کی ہر وقت لائیو اسٹریمنگ جاری رکھنا مناسب نہیں ہے کیونکہ ایک بار ویڈیو عوامی سطح پر آنے کے بعد اس کے غلط استعمال کو روکنا مشکل ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالتی کارروائی کو تفریح کا ذریعہ نہیں بنایا جا سکتا کیونکہ اس سے نظام انصاف کی سنجیدگی متاثر ہوتی ہے۔سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے عدالت کو بتایا کہ مصنوعی ذہانت کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عدالتی ویڈیوز میں اس طرح رد و بدل ممکن ہو گیا ہے کہ ججوں اور وکلا کے الفاظ تبدیل کیے جا سکتے ہیں جبکہ چہرے کی حرکات حقیقی معلوم ہوتی ہیں۔ ان کے مطابق اس سے غلط معلومات پھیلنے کا سنگین خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اکثر لائیو اسٹریم سے منتخب کلپس نکال کر مخصوص بیانیہ پیش کیا جاتا ہے جس سے عدالتی کارروائی کی اصل تصویر مسخ ہو جاتی ہے۔چیف جسٹس سوریا کانت نے بھی اس خدشے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ غلط رپورٹنگ اور مسخ شدہ معلومات ایک بڑھتا ہوا مسئلہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے بعض ریمارکس بھی پرنٹ میڈیا میں غلط انداز میں پیش کیے گئے۔
چیف جسٹس نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ دو روز قبل ایک درخواست کی جلد سماعت کے لیے صرف زبانی ذکر کیا گیا تھا لیکن آج صبح 10 بجے تک وہ درخواست عدالت میں دائر ہی نہیں کی گئی تھی جبکہ اس حوالے سے مختلف خبریں شائع ہو چکی تھیں۔