نئی دہلی [ہندوستان]: سپریم کورٹ نے جمعرات کو الہ آباد ہائی کورٹ کے اُس حکم پر روک لگا دی جس کے تحت اتر پردیش کے ضلع فرخ آباد کے ایک اسکول میدان میں جاری رام لیلا تقریبات کو روکا گیا تھا۔ جسٹس سوریا کانت، اجّل بھوئیاں اور این کوٹیشور سنگھ کی بنچ نے یہ حکم اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے دیا کہ تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے۔
عدالت نے ضلع پریشد ودیالیہ، ٹنڈلا (فرخ آباد) کے میدان میں رام لیلا کے انعقاد کی اجازت دے دی، اس شرط کے ساتھ کہ طلبہ کو کسی قسم کی دقت نہ ہو۔ عدالتی حکم میں کہا گیا: ’’چونکہ تقریبات شروع ہو چکی ہیں... اس لیے ہائی کورٹ کا حکم روک دیا جاتا ہے۔ تقریبات جاری رہیں گی، تاہم یہ شرط ہوگی کہ بچے کھیلنے یا کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ ہم ہائی کورٹ سے گزارش کرتے ہیں کہ درخواست گزار اور دیگر فریقین کو سنوائی کا موقع دیا جائے۔‘
‘ بنچ نے اس حقیقت پر بھی غور کیا کہ اس اسکول کے میدان میں تقریباً 100 برس سے رام لیلا کا انعقاد ہوتا رہا ہے۔ بنچ نے درخواست گزار سے سوال کیا: ’’یہ 100 برس سے ہوتا آ رہا ہے۔ آپ آخری وقت میں عدالت کیوں آئے؟ پہلے ہی انتظامیہ سے انتظامات کا مطالبہ کرنے سے آپ کو کس نے روکا؟ آپ نہ تو طالب علم ہیں اور نہ ہی کسی طالب علم کے والدین... آپ زمین کے مالک بھی نہیں ہیں... آپ عوامی مفاد کی عرضی دے سکتے تھے مگر آخر آپ کو روکا کس نے؟‘‘
ساتھ ہی بنچ نے یہ بھی کہا کہ عدالت اسکول کے میدان کے کسی بھی تقریب کے لیے استعمال کی منظوری نہیں دیتی۔ سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ سے گزارش کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دے کہ اس طرح کے تہواروں کے لیے متبادل جگہ کا تعین کرے تاکہ اسکول کے کھیل کے میدان صرف طلبہ کے لیے مختص رہیں۔ بنچ نے کہا کہ اس معاملے میں فیصلہ کرنے سے قبل تمام فریقین کو سنوائی کا موقع دیا جائے۔
’شری نگر رام لیلا مہوتسو‘، جو رام لیلا کا منتظم کمیٹی ہے، نے ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، جس کے تحت اسکول میدان میں جاری تقریبات پر روک لگائی گئی تھی۔ ہائی کورٹ نے یہ حکم ایک عوامی مفاد کی عرضی میں دیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اسکول کے کھیل کے میدان میں سیمنٹ کی انٹرلاکنگ ٹائلیں بچھا دی گئی ہیں تاکہ اسے مستقل طور پر رام لیلا جیسے پروگراموں کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ ہائی کورٹ میں دائر پی آئی ایل میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ رام لیلا کے دنوں میں تدریسی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی اور بچے کھیل کے میدان سے محروم ہو جائیں گے۔