نئی دہلی
فلم غدر: ایک پریم کتھا کی ریلیز کے 25 سال مکمل ہونے پر اداکار سنی دیول نے کہا کہ 25 برس تک ہمیں بے پناہ محبت دینے اور اپنے دلوں میں جگہ دینے کے لیے آپ سب کا شکریہ۔فلم غدر: ایک پریم کتھا کی ہدایت کاری انیل شرما نے کی تھی۔ یہ فلم 15 جون 2001 کو ریلیز ہوئی تھی اور اس میں سنی دیول کے ساتھ امیشا پٹیل نے بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
فلم کی کہانی ایک سکھ ٹرک ڈرائیور تارا سنگھ کے گرد گھومتی ہے، جو سکینہ نامی ایک مسلم نوجوان خاتون کی جان بچاتا ہے اور بعد میں اس سے شادی کر لیتا ہے۔ اس کے بعد اپنے خاندان سے دوبارہ ملنے کے لیے اسے سیاسی اور جغرافیائی رکاوٹوں سمیت کئی سخت چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔فلم غدر نے دنیا بھر کے باکس آفس پر 133 کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کیا تھا اور اپنی ریلیز کے وقت یہ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی تھی۔سنی دیول نے پیر کے روز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلم سے متعلق کئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ 25 سال پہلے غدر اور تارا سنگھ نے آپ کے دلوں پر راج کیا تھا۔ 25 برس سے محبت کے اس رشتے کی گاڑی چل رہی ہے اور آگے بھی چلتی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو 25 سال تک بے شمار محبت دینے اور اپنے دلوں میں جگہ دینے کے لیے آپ سب کا شکریہ۔ امید ہے کہ ہم آئندہ بھی آپ کے دلوں میں اسی طرح موجود رہیں گے۔
فلم کا سیکوئل غدر 2 سن 2023 میں ریلیز ہوا تھا، جس میں سنی دیول اور امیشا پٹیل نے ایک بار پھر اپنے اپنے کردار ادا کیے تھے۔اس فلم کو بھی ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی اور اس نے دنیا بھر کے باکس آفس پر 600 کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کیا۔