ملک کے کئی حصوں میں اچانک موسم میں تبدیلی، کہیں بارش، کہیں شدید گرمی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-05-2025
ملک کے کئی حصوں میں اچانک موسم میں تبدیلی، کہیں بارش، کہیں شدید گرمی
ملک کے کئی حصوں میں اچانک موسم میں تبدیلی، کہیں بارش، کہیں شدید گرمی

 



نئی دہلی: جمعرات کو دہلی-این سی آر سمیت ملک کے کئی حصوں میں موسم میں اچانک تبدیلی دیکھنے کو ملی۔ کئی علاقوں میں آندھی اور گرد و غبار کا طوفان آیا۔ اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں مانسون کی دستک کی توقع کی جا رہی ہے۔

آئندہ 3 سے 4 دنوں کے دوران موسم میں واضح تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، جنوب مغربی مانسون جمعرات کو جنوب مشرقی عرب ساگر، مالدیپ، کومورین علاقے اور جنوبی بنگال کی خلیج، انڈمان جزائر اور انڈمان سمندر کے مزید علاقوں تک پہنچ چکا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوبی عرب ساگر، مالدیپ اور کومورین خطے میں مانسون کی مزید پیش قدمی کے لیے حالات سازگار ہیں۔ آئندہ 3-4 دنوں کے دوران جنوبی بنگال کی خلیج، انڈمان جزائر اور وسطی خلیج بنگال کے کچھ حصوں میں تیز بارش کا امکان ہے۔ آئندہ 5 دنوں میں شمال مشرقی بھارت، مغربی بنگال (زیر ہمالیہ) اور سکم میں گرج چمک اور شدید سے بہت شدید بارش ہو سکتی ہے۔

جنوبی ہندوستانی ریاستوں میں بھی اگلے 5 دنوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔ آندھرا پردیش، کرناٹک، کیرالہ اور تمل ناڈو میں اگلے 3 دنوں کے دوران کچھ مقامات پر بھاری بارش متوقع ہے۔ ہیٹ ویو (گرمی کی لہر) کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کے مطابق 15 تا 19 مئی کے دوران مغربی راجستھان میں لو چلے گی۔ 15 تا 18 مئی کے درمیان اتر پردیش نیز 15 اور 16 مئی کو بہار میں گرمی کی شدید لہر (لُو) چلنے کا امکان ہے۔