نئی دہلی
حیدرآباد میں 21 جون کو منعقد ہونے والے نیشنل ایلیجیبلیٹی کم انٹرنس ٹیسٹ (نیٹ) کے دوبارہ امتحان میں شریک ایک 18 سالہ طالب علم کو مبینہ طور پر نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے۔ پولیس نے اس بارے میں معلومات فراہم کی ہیں۔ملزم طالب علم کو بیت الخلا کے اندر اپنے موبائل فون پر سوالات کے جوابات تلاش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
حیدرآباد پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق، اچم پیٹ کا رہائشی یہ طالب علم صبح تقریباً سات بجے راگنّاگوڈا میں واقع ضلع پریشد ہائی اسکول پہنچا، جو عادبٹلہ پولیس اسٹیشن کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے۔
پولیس کے مطابق، چونکہ بیت الخلا اسکول کی احاطہ دیوار سے متصل تھا، اس لیے طالب علم وہاں موجود روشن دان تک پہنچ گیا اور اس جگہ ایک موبائل فون چھپا دیا۔اس کے بعد صبح 11 بجے وہ دوبارہ بیت الخلا گیا اور موبائل فون کو ایک زِپ لاک کور میں بند کرکے فلش ٹینک کے اندر چھپا دیا۔
پولیس نے بتایا کہ اگرچہ پولیس ٹیم نے صبح 6 بجے اور پھر 11 بجے پورے اسکول کا دو مرتبہ تفصیلی معائنہ کیا تھا اور داخلی دروازے پر تمام امیدواروں کی سخت تلاشی بھی لی گئی تھی، لیکن ابتدائی جانچ کے دوران فلش ٹینک کے اندر چھپایا گیا موبائل فون دریافت نہیں ہو سکا۔
امتحان کے دوران ملزم طالب علم نے پیٹ میں درد کی شکایت کی اور بیت الخلا جانے کی اجازت طلب کی پولیس کے مطابق، یہ بیت الخلا پورے امتحانی مرکز کے لیے واحد مشترکہ سہولت تھی اور اسکول کی مرکزی عمارت سے کافی فاصلے پر واقع تھی۔جب نگرانِ امتحان نے محسوس کیا کہ طالب علم کافی دیر تک واپس نہیں آیا تو انہوں نے صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے چند عملے کے ارکان کو وہاں بھیجا۔
پولیس نے کہا کہ عملے نے ملزم طالب علم کو بیت الخلا کے اندر موبائل فون کے ذریعے جوابات تلاش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور موبائل فون کو ضبط کر لیا گیا۔