نئی دہلی/ آواز دی وائس
ملک بھر میں آوارہ کتوں کے مسئلے پر ریاستی اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی حکومتوں کی جانب سے حلف نامہ جمع نہ کرانے پر سپریم کورٹ نے سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس معاملے پر واقعات مسلسل پیش آ رہے ہیں اور بیرونِ ملک ہندوستان کی شبیہ متاثر ہو رہی ہے، اس کے باوجود ریاستوں نے عدالتی حکم پر کوئی عمل درآمد رپورٹ پیش نہیں کی۔ سپریم کورٹ نے تمام ریاستوں کے چیف سیکریٹریز کو 3 نومبر کو عدالت میں طلب کیا ہے۔
سپریم کورٹ کی اہم باتیں
یہ معاملہ دراصل دہلی–این سی آر سے جڑا ہوا تھا، لیکن 22 اگست کو سپریم کورٹ نے اسے پورے ہندوستان کا مسئلہ قرار دیا تھا۔
اس وقت عدالت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو حکم دیا تھا کہ وہ آوارہ کتوں سے متعلق عدالتی ہدایات پر عمل درآمد کا حلف نامہ جمع کریں۔
جب پیر کے روز سماعت ہوئی تو عدالت نے کہا کہ صرف تیلنگانہ، ایم سی ڈی (دہلی میونسپل کارپوریشن) اور مغربی بنگال نے ہی اپنے حلف نامے داخل کیے ہیں، باقی ریاستوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
عدالت نے اس رویّے پر سخت برہمی ظاہر کی اور حکم دیا کہ تمام ریاستوں کے چیف سیکریٹریز 3 نومبر کو خود حاضر ہو کر وضاحت پیش کریں۔
تین مہینے گزر گئے، پھر بھی رپورٹ نہیں
عدالت نے کہا کہ دو ماہ کی مہلت دی گئی تھی، لیکن تین مہینے گزر جانے کے باوجود حلف نامہ داخل نہیں کیا گیا۔ جسٹس وکرم ناتھ نے کہا کہ اس معاملے سے بیرونِ ملک ہندوستان کی ساکھ خراب ہو رہی ہے۔ سپریم کورٹ ریاستوں کے رویّے سے اتنا ناراض تھا کہ اس نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو عدالت کی کارروائی آڈیٹوریم میں کی جائے گی تاکہ سب کو پیش ہونا پڑے۔
وضاحت پیش کرنا ضروری
عدالت نے واضح کیا کہ 22 اگست کے حکم کے مطابق صرف تین ریاستوں نے حلف نامے جمع کرائے ہیں کہ مغربی بنگال، تیلنگانہ اور ایم سی ڈی۔ چونکہ باقی ریاستوں نے تین ماہ بعد بھی عمل درآمد نہیں کیا، اس لیے انہیں آ کر وضاحت دینی ہوگی۔
انہیں حلف نامہ داخل کرنا تھا، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
اگر پیش نہ ہوئے تو عدالت آڈیٹوریم میں لگے گی
جسٹس وکرم ناتھ نے کہا کہ اگر چیف سیکریٹریز عدالت میں پیش نہیں ہوئے تو ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا یا سخت کارروائی ہوگی۔ کیا ان افسروں نے اخبار یا سوشل میڈیا نہیں دیکھا؟
اگر انہیں نوٹس نہ بھی ملا ہو، تب بھی انہیں یہاں آنا چاہیے تھا۔
تمام چیف سیکریٹریز 3 نومبر کو عدالت میں موجود رہیں ورنہ ہم آڈیٹوریم میں عدالت لگائیں گے۔