نئی دہلی: آئی ایم ڈی نے ہفتہ کے روز ملک کی کئی ریاستوں میں شدید موسمی حالات کے پیش نظر اورنج الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں ژالہ باری، آندھی، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جن کی رفتار 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، ہریانہ، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، اتر پردیش، مشرقی راجستھان، مدھیہ مہاراشٹر، مراٹھواڑہ، ودربھ، مشرقی اتر پردیش اور چھتیس گڑھ میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران شدید موسمی سرگرمیوں کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر کے لیے بھی اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں بعض مقامات پر تیز بارش کے ساتھ گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
جنوبی بھارت میں تمل ناڈو اور کیرالہ کے کچھ علاقوں میں بھی شدید بارش متوقع ہے، جبکہ ان خطوں میں گرج چمک کے تسلسل کے باعث ییلو الرٹ برقرار ہے۔ دوسری جانب مغربی راجستھان، گجرات، مغربی مدھیہ پردیش، کرناٹک، تلنگانہ، ساحلی آندھرا پردیش، اڈیشہ، بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور شمال مشرقی ریاستوں ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں بھی ییلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اڈیشہ میں گرم اور مرطوب موسم کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔ ادھر مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں تیز آندھی، بارش اور ژالہ باری دیکھی گئی، جبکہ کانپور میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ دھرم شالہ کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
موسمی تبدیلی کے باعث درجہ حرارت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے، خاص طور پر گوالیار، ریوا اور ساگر ڈویژن میں زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ راجستھان میں خراب موسم کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جس پر ریاستی حکومت نے اسے قدرتی آفت قرار دیتے ہوئے متاثرہ کسانوں کی مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔