نئی دہلی/ آواز دی وائس
۔2017 کے اَنّاؤ عصمت دری کیس کے مجرم کلدیپ سینگر کی بیٹی نے پیر کے روز سوشل میڈیا پر ایک کھلا خط لکھ کر انصاف کی اپیل کی ہے۔ یہ اپیل اس وقت سامنے آئی جب سپریم کورٹ نے دہلی ہائی کورٹ کے اُس فیصلے پر روک لگا دی، جس کے تحت معزول بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سینگر کی عمر قید کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت دی گئی تھی۔
چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت اور جسٹس جے کے ماہیشوری و جسٹس آگسٹین جارج مسیح پر مشتمل تین رکنی تعطیلاتی بینچ نے ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگاتے ہوئے کہا کہ سینگر ایک دوسرے کیس میں پہلے ہی جیل میں ہے، اس لیے ہائی کورٹ کے حکم پر عمل معطل رہے گا اور سینگر کو رہا نہیں کیا جائے گا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کی گئی پوسٹ میں سینگر کی بیٹی نے اشارہ دیا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ عوامی غصے کے دباؤ میں آیا ہے، جبکہ انہوں نے اپنے خاندان کو گزشتہ آٹھ برسوں سے “بے آواز” قرار دیا۔
انہوں نے لکھا کہ میں یہ خط ایک ایسی بیٹی کی حیثیت سے لکھ رہی ہوں جو تھک چکی ہے، خوفزدہ ہے اور آہستہ آہستہ اپنا یقین کھوتی جا رہی ہے، لیکن پھر بھی امید سے جڑی ہوئی ہے کیونکہ اب جانے کو اور کوئی جگہ نہیں بچی۔ آٹھ برسوں سے میں اور میرا خاندان خاموشی سے انتظار کر رہے ہیں۔ صبر کے ساتھ۔ اس یقین کے ساتھ کہ اگر ہم سب کچھ ‘صحیح طریقے’ سے کریں گے تو سچ خود بولے گا۔ ہم نے قانون پر بھروسہ کیا۔ آئین پر اعتماد کیا۔ ہمیں یقین تھا کہ اس ملک میں انصاف شور، ہیش ٹیگ یا عوامی غصے پر منحصر نہیں ہوتا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ انہیں عصمت دری اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں، جس کے باعث وہ خاموش ہوتی چلی گئیں، حالانکہ انہیں اداروں پر بھروسہ تھا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ آج میں اس لیے لکھ رہی ہوں کیونکہ میرا وہ یقین ٹوٹ رہا ہے۔ میری بات سنے جانے سے پہلے ہی میری شناخت ایک لیبل میں بدل دی جاتی ہے — ‘بی جے پی ایم ایل اے کی بیٹی’۔ جیسے اس سے میری انسانیت مٹ جاتی ہو۔ جیسے میں انصاف، وقار یا بولنے کے حق کی حقدار ہی نہ رہوں۔ جن لوگوں نے مجھے کبھی دیکھا نہیں، کبھی ایک دستاویز نہیں پڑھی، کبھی عدالت کے ریکارڈ کو نہیں دیکھا، انہوں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ میری زندگی کی کوئی قدر نہیں۔ برسوں سے مجھے سوشل میڈیا پر کہا جا رہا ہے کہ مجھے زندہ رہنے کا بھی حق نہیں۔ یہ نفرت خیالی نہیں، روزمرہ کی حقیقت ہے، اور یہ انسان کو اندر سے توڑ دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کے والد اَنّاؤ سے ایم ایل اے تھے، اس کے باوجود کسی نے ان کی بات نہیں سنی۔ انہوں نے لکھا کہ ہم نے خاموشی اختیار کی کیونکہ ہم طاقتور نہیں تھے بلکہ اداروں پر یقین رکھتے تھے۔ ہم نے احتجاج نہیں کیے، ٹی وی مباحثوں میں شور نہیں مچایا، نہ پتلے جلائے اور نہ ہیش ٹیگ چلائے۔ ہم نے انتظار کیا کیونکہ ہمیں لگا کہ سچ کو تماشے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس خاموشی کی قیمت ہمیں کیا چکانی پڑی؟ ہماری عزت ٹکڑا ٹکڑا کر کے چھین لی گئی۔ آٹھ برسوں سے ہمیں روزانہ گالیاں دی گئیں، مذاق اڑایا گیا، ہمیں غیر انسانی بنا دیا گیا۔ ہم مالی، جذباتی اور جسمانی طور پر ٹوٹ چکے ہیں۔ کوئی دروازہ ایسا نہیں جس پر ہم نے دستک نہ دی ہو۔ کوئی ادارہ ایسا نہیں جس سے رجوع نہ کیا ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ پھر بھی کسی نے نہیں سنا۔ اس لیے نہیں کہ حقائق کمزور تھے یا شواہد ناکافی تھے، بلکہ اس لیے کہ ہمارا سچ ناگوار تھا۔ لوگ ہمیں طاقتور کہتے ہیں۔ میں پوچھتی ہوں، وہ کیسی طاقت ہے جو ایک خاندان کو آٹھ برس تک بے آواز رکھے؟ انہوں نے میڈیا اور اداروں میں خوف کے ماحول کا بھی الزام لگایا اور کہا کہ سب کو خاموش رہنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ آج مجھے صرف ناانصافی سے نہیں بلکہ خوف سے ڈر لگ رہا ہے۔ ایسا خوف جو جان بوجھ کر پیدا کیا گیا ہے۔ ایسا خوف جو اتنا بلند ہے کہ جج، صحافی، ادارے اور عام شہری سب خاموش ہو جائیں۔ اگر غصہ اور غلط معلومات سچ کو اتنی آسانی سے دبا سکتی ہیں تو میرے جیسے لوگوں کے پاس کیا بچتا ہے؟
آخر میں انہوں نے کہا کہ میں یہ خط نہ کسی کو دھمکانے کے لیے لکھ رہی ہوں، نہ ہمدردی حاصل کرنے کے لیے۔ میں لکھ رہی ہوں کیونکہ میں خوفزدہ ہوں اور پھر بھی یقین رکھتی ہوں کہ کہیں نہ کہیں کوئی سنے گا۔ ہم کسی احسان کی نہیں، انصاف کی مانگ کر رہے ہیں کیونکہ ہم انسان ہیں۔ براہِ کرم قانون کو بغیر خوف کے بولنے دیں۔ ثبوتوں کو بغیر دباؤ کے پرکھا جائے۔ میں ایک بیٹی ہوں جو اب بھی اس ملک پر یقین رکھتی ہے۔ براہِ کرم میرے اس یقین کو ٹوٹنے نہ دیں۔
ایک بیٹی، جو اب بھی انصاف کی منتظر ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے دہلی ہائی کورٹ کے 23 دسمبر کے اُس حکم پر روک لگائی ہے جس میں کلدیپ سنگھ سینگر کی عمر قید کی سزا معطل کی گئی تھی۔ سماعت کے دوران سی بی آئی کی جانب سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ بچوں کے جنسی تحفظ سے متعلق قانون (پوکسو ایکٹ) کے تحت “عوامی عہدے دار” وہ شخص ہوتا ہے جو بچے پر غلبہ رکھتا ہو اور اس حیثیت کا غلط استعمال سنگین جرم کے زمرے میں آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کے بااثر ایم ایل اے ہونے کے ناطے سینگر نے ایسی بالادستی کا استعمال کیا۔
سینگر کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکلا سدھارتھ دیو اور این ہری ہارن نے اس دلیل کی مخالفت کی اور کہا کہ پوکسو ایکٹ کے تحت ایم ایل اے کو عوامی عہدے دار نہیں مانا جا سکتا۔ تاہم بینچ نے اس تشریح پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ اگر ایسا مان لیا گیا تو قانون سازوں کو استثنا مل جائے گا۔ بینچ نے ریمارکس دیے، ہم اس بات پر فکر مند ہیں کہ اگر ایک کانسٹیبل یا پٹواری تو عوامی عہدے دار ہوگا لیکن ایم ایل اے یا ایم پی نہیں، تو یہ تشریح درست نہیں ہو سکتی۔