ریاستیں ’ون نیشن ،ون راشن کارڈ‘ اسکیم نافذ کریں: سپریم کورٹ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-06-2021
سپریم کورٹ  کا حکم
سپریم کورٹ کا حکم

 

 

 نئی دہلی :سپریم کورٹ نے تارکین وطن مزدوروں کے معاملے پر عدالت کی جانب سے از خود نوٹس لینے کے معاملے پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا ہے۔ سماعت کے دوران جسٹس اشوک بھوشن کی سربراہی والی بنچ نے تمام ریاستوں سے ون نیشن ون راشن کارڈ کی اسکیم کو نافذ کرنے کے لئے کہا تاکہ تارکین وطن مزدوروں کو راشن مل سکے۔ عدالت نے مرکزی حکومت اور تمام ریاستوں اور متعلقہ فریقوں کو تین دن میں عدالت میں اپنا مختصر نوٹ داخل کرنے کی ہدایت دی۔

سماعت کے دوران ، مہاراشٹر اور پنجاب حکومتوں کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ انہوں نے ون نیشن ون راشن کارڈ کی اسکیم کو نافذ کیا ہے۔ سماعت کے دوران ، جب مغربی بنگال حکومت کی جانب سے پیش وکیل نے کہا کہ آدھار سے لنک کرنے میں دشواری کی وجہ سے ریاستی حکومت نے اس اسکیم پر عمل درآمد نہیں کیا ہے۔ تب عدالت نے کہا کہ اس پر کوئی بہانہنہیں چلے گا ، تمام ریاستیں ون نیشن ون راشن کارڈ اسکیم پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

 سماعت کے دوران سینئر وکلا دشینت دوے اور کولن گونزلوز نے کہا کہ جن تارکین وطن مزدوروں کارجسٹریشننہیں ہوا ہے ان کو ان کے فوائد نہیں مل رہے ہیں۔ مزدوروں کی حالت پچھلے سال کی نسبت اس سال زیادہ خراب ہے۔ اس پر ، سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے مرکزی حکومت کی جانب سے کہا کہ پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کو نومبر تک بڑھادیا گیا ہے اور تارکین وطن مزدوروں کی تعداد کا پتہ لگالیا گیا ہے۔

 سماعت کے دوران اے ایس جی ایشوریہ بھاٹی نے بتایا کہ آٹھ لاکھ میٹرک ٹن اناج دیا گیا ہے۔ ان کی تقسیم ریاستی حکومتوں پر چھوڑی گئی ہے۔ تب عدالت نے پوچھا کہ مرکزی حکومت کا ڈیٹا بیس کہاں ہے؟ کیا آپ اس کے لئے سافٹ ویئر تیار کررہے ہیں؟آپ اپنا پروجیکٹ اور ماڈیول بتائیں۔اس میں کیوں مہینوں لگ رہے ہیں؟