اداکار وجے کی ریلی میں بھگدڑ , 31 افراد ہلاک

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 27-09-2025
اداکار وجے کی عوامی ریلی میں بھگدڑ مچنے سے 31 افراد ہلاک
اداکار وجے کی عوامی ریلی میں بھگدڑ مچنے سے 31 افراد ہلاک

 



 کرور (تمل ناڈو)  تمل ناڈو کے کرور میں ہفتہ کی شام ٹی وی کے چیف اور اداکار وجے کی عوامی ریلی میں بھگدڑ مچنے سے 31 افراد ہلاک اور 58 زخمی ہوگئے، حکام نے بتایا۔وجے کی ریلی میں زبردست ہجوم بے قابو ہوگیا جس سے گھبراہٹ پھیل گئی اور بھگدڑ مچ گئی۔ کئی افراد بے ہوش ہوگئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مقام پر بھیڑ زیادہ ہونے کے باعث یہ سانحہ پیش آیا۔

ڈی ایم کے لیڈر اور تمل ناڈو کے سابق وزیر سنتھل بالاجی، جو وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر کرور گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال پہنچے تھے، نے کہا کہ ایم کے اسٹالن کل (اتوار) کرور آئیں گے تاکہ حالات کا جائزہ لے سکیں اور متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرائیویٹ اسپتالوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ زخمیوں سے کوئی چارج وصول نہ کریں اور تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کریں۔

انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا: ’’ابھی تک بھگدڑ میں 31 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور 58 افراد کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد وزیر اعلیٰ نے فوری طور پر ضلعی کلکٹر، ایس پی اور مجھے اسپتال پہنچنے کی ہدایت دی، اور اضافی ڈاکٹروں کو بلانے اور درست علاج فراہم کرنے کو کہا۔ کل وزیر اعلیٰ خود یہاں آئیں گے۔ فی الحال 46 افراد ایک پرائیویٹ اسپتال میں اور 12 افراد گورنمنٹ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔‘‘

تمل ناڈو کے اے ڈی جی پی (لاء اینڈ آرڈر) ڈیوڈسن دیورسرواٹم نے اے این آئی کو بتایا: ’’اس بات کا امکان ہے کہ 30 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ میں جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کرور جا رہا ہوں۔‘‘

وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے سیکریٹریٹ میں حکام کی ایک ہنگامی میٹنگ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسٹالن نے ایکس پر اپنے پوسٹ میں لکھا: ’’میں نے سابق وزیر @V_Senthilbalaji، معزز وزیر @Subramanian_Ma اور ڈسٹرکٹ کلکٹر سے رابطہ کیا ہے تاکہ ان افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے جو بھیڑ کی وجہ سے بے ہوش ہو کر اسپتال میں داخل کیے گئے ہیں۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے تمل ناڈو کے کرور میں ٹی وی کے چیف اور اداکار وجے کی عوامی ریلی کے دوران بھگدڑ میں جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

وزیر اعظم نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا: ’’تمل ناڈو کے کرور میں سیاسی ریلی کے دوران پیش آنے والا افسوسناک واقعہ انتہائی رنجیدہ ہے۔ میری دعائیں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیارے کھوئے ہیں۔ اللہ انہیں اس مشکل وقت میں صبر دے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔‘‘