نئی دہلی: صدر دروپدی مرمو نے پیر کو بہار کے لکھی سرائے ضلع میں مندر میں بھگدڑ کے دوران عقیدت مندوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔ صدر مرمو نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’بہار کے لکھی سرائے ضلع میں بھگدڑ کے حادثے میں عقیدت مندوں کی ہلاکت کی خبر انتہائی دل دہلا دینے والی ہے۔‘‘
انہوں نے حادثے میں اپنے عزیزوں کو کھونے والے خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے پرارتھنا کی۔ انہوں نے کہا، ’’میں غم زدہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘
یہ بھگدڑ پیر کی صبح اشوک دھام مندر میں اس وقت مچی جب ساون کے مقدس مہینے کے تیسرے پیر کے موقع پر ہزاروں عقیدت مند بھگوان شیو کی پوجا اور جل ابھیشیک کے لیے جمع ہوئے تھے۔ اب تک کم از کم سات عقیدت مندوں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں علاج کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ساون کے تیسرے پیر کے موقع پر عقیدت مندوں کی قطار اشوک دھام ہالٹ تک پہنچ گئی تھی، جہاں دو ٹرینیں بھی کھڑی تھیں۔ مرد عقیدت مندوں کی قطار کے قریب موجود بجلی کا ایک کھمبا اچانک گر گیا۔ ا
س کے بعد یہ افواہ پھیل گئی کہ بجلی کی زندہ تار لوگوں پر گر گئی ہے، حالانکہ وہ دراصل کیبل کی تار تھی۔ افواہ کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور دوسری جانب خواتین کی قطار پر دباؤ بڑھ گیا، جس کے نتیجے میں خواتین ایک دوسرے پر گرنے لگیں۔ یہ پورا واقعہ اچانک تقریباً دو منٹ کے اندر پیش آیا۔
ادھر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار رات تقریباً 3 بجے سے ہی علاقے میں تعینات تھے۔ جائے وقوع کے قریب ایمبولینس سمیت ہنگامی طبی خدمات بھی موجود تھیں۔ زخمیوں کو بعد میں صدر اسپتال اور قریبی دیگر طبی مراکز منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ حکام واقعے کی مزید تفصیلات اور زخمی ہونے والے افراد کی صحیح تعداد معلوم کرنے میں مصروف ہیں۔