سری نگر پولیس کا کریک ڈاؤن: منشیات فروشوں کے 1.5 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 28-04-2026
سری نگر پولیس کا کریک ڈاؤن: منشیات فروشوں کے 1.5 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط
سری نگر پولیس کا کریک ڈاؤن: منشیات فروشوں کے 1.5 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط

 



سری نگر
نشہ مکت جموں و کشمیر مہم کے تحت منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاری سخت کارروائی کو مزید تیز کرتے ہوئے سری نگر پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی تقریباً 1.5 کروڑ روپے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی ہے۔
جاری بیان کے مطابق، "تھانہ ریناواری نے نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ کی دفعہ 68-ایف کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ملزم بلال احمد پٹو، ساکن سیداکدل، سری نگر کی ایک منزلہ رہائشی مکان سمیت 11 مرلہ زمین ضبط کر لی۔ ملزم کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/20-29 کے تحت مقدمہ درج ہے۔
یہ جائیداد منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی غیر قانونی کمائی سے خریدی گئی تھی۔یہ کارروائی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ سری نگر پولیس منشیات فروشوں کے مالی نیٹ ورک کو توڑنے اور خطے میں منشیات کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات سے متعلق معلومات فراہم کر کے پولیس کا تعاون جاری رکھیں۔
اس سے قبل بھی سری نگر پولیس نے نشہ مکت جموں و کشمیر مہم کے تحت کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلروں کی 3.5 کروڑ روپے مالیت کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی تھیں۔
سرکاری بیان کے مطابق، تھانہ سنگم نے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68-ایف کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کی دو جائیدادیں ضبط کیں، جن پر این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/20 اور 29 کے تحت مقدمات درج ہیں۔
پہلی جائیداد میں ایک دو منزلہ رہائشی مکان اور ایک کنال زمین شامل ہے، جو ملزم شکیل احمد گنی ولد عبد الستار گنی کی ملکیت ہے، جس کی مالیت 2 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
دوسری جائیداد میں بھی ایک دو منزلہ رہائشی مکان اور ایک کنال زمین شامل ہے، جو ملزم فاروق احمد میر ولد عبد الرحمن میر کی ملکیت ہے، جس کی مالیت تقریباً 1.5 کروڑ روپے ہے۔
پولیس کے مطابق یہ تمام جائیدادیں منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل شدہ غیر قانونی آمدنی سے بنائی گئی تھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسی سخت کارروائیاں منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو روکنے اور ان کے مالی ڈھانچے کو تباہ کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔حکام نے مزید کہا کہ یہ اقدامات منشیات کی سپلائی چین کو توڑنے اور این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے جاری مہم کا حصہ ہیں۔