سری نگر، : وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر کئی مقامات پر مٹی اور پتھروں کے کھسکنے کے باعث ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔
ادھر وادی کو جموں سے ملانے والا تاریخی مغل روڈ اور وادی کو لداخ سے جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ کے ساتھ ساتھ سنتھن روڈ بھی برفباری کے باعث بند ہیں۔
حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ بحالی کے کام مکمل ہونے تک ان سڑکوں پر سفر نہ کریں۔
ٹریفک حکام نے منگل کی صبح بتایا کہ قومی شاہراہ پر متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور پتھروں کے گرنے سے ٹریفک کی نقل و حمل معطل ہو گئی ہے۔ مغل روڈ، سری نگر – لیہہ شاہراہ اور سنتھن روڈ پر برف جمع ہونے کے باعث بھی ٹریفک بند ہے۔
عوام سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور سڑکوں کی تازہ ترین معلومات کے لیے ٹریفک پولیس کے ٹویٹر ہینڈل، فیس بک پیج اور جموں، سری نگر اور رام بن کے ٹریفک یونٹس سے رابطہ کریں۔