کھیل اور آپریشن سندور دو مختلف معاملات ہیں:منوہرلال کھٹر

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 14-09-2025
کھیل اور آپریشن سندور دو مختلف معاملات ہیں:منوہرلال کھٹر
کھیل اور آپریشن سندور دو مختلف معاملات ہیں:منوہرلال کھٹر

 



نئی دہلی:مرکزی وزیر منوہر لال نے ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کے خلاف کرکٹ میچ کھیلنے کے فیصلے کا دفاع کیا، کہا: کھیل اور آپریشن سندور دو مختلف معاملات ہیں۔ ہفتے کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی وزیر منوہر لال نے ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کے خلاف کرکٹ میچ کھیلنے کے فیصلے کا دفاع کیا اور کہا کہ کھیل اور آپریشن سندور دو "مختلف معاملات" ہیں۔

انہوں نے کہا: "دونوں باتیں الگ الگ ہیں۔ جہاں تک ہندوستان اور پاکستان کے درمیان معاملے (کرکٹ میچ)، آپریشن سندور اور دیگر چیزوں کا تعلق ہے، کوئی بھی صرف ان کا موازنہ کر کے یہ نہیں کہہ سکتا کہ میچ ہونا چاہیے یا نہیں۔ لیکن جہاں تک کھیل کا تعلق ہے، کھیل کے ساتھ جذبات جڑے ہوتے ہیں، کھلاڑیوں نے بھی اس کے لیے محنت کی ہے، اس لیے اس کی مخالفت کرنا مناسب نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جو فیصلہ کیا گیا ہے، وہ سوچ سمجھ کر کیا گیا ہے۔

ایشیا کپ 2025 میں بھارتی کرکٹ ٹیم اتوار کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے جا رہی ہے۔ یہ میچ پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان پہلا مقابلہ ہے، جس میں 26 افراد جاں بحق ہوئے تھے، اور اسی وجہ سے میچ ایک سیاسی تنازع کا شکار ہو گیا ہے۔

اس سے قبل، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ حکومت نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچ کھیلنے کا فیصلہ کیوں کیا، جب کہ حال ہی میں 26 ہندوستانی شہری دہشت گردی میں مارے گئے؟

انہوں نے کہا:میرا سوال آسام کے وزیر اعلیٰ، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ اور سب سے ہے کہ کیا آپ کے پاس اتنی طاقت نہیں ہے کہ آپ پاکستان کے خلاف کرکٹ میچ کھیلنے سے انکار کر سکیں، اُس ملک کے خلاف جس نے پہلگام میں ہمارے 26 شہریوں سے ان کا مذہب پوچھا اور پھر انہیں گولی مار دی؟

انہوں نے سوال کیا کہ: کیا ایک میچ سے کمایا گیا پیسہ ان 26 جانوں سے زیادہ قیمتی ہے؟ ہم وزیر اعظم سے پوچھتے ہیں، جب آپ نے کہا تھا کہ ’خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے‘، ’بات چیت اور دہشت گردی ایک ساتھ نہیں چل سکتی‘، تو پھر اب آپ بتائیں کہ BCCI کو ایک میچ سے کتنا پیسہ ملے گا؟ 2000 کروڑ؟ 3000 کروڑ؟ کیا پیسے کی قیمت ہمارے 26 شہریوں کی جانوں سے زیادہ ہے؟ یہی سوال ہم بی جے پی سے کرتے ہیں۔ ہم کل بھی ان 26 شہداء کے ساتھ تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے۔ پہلگام حملے میں مارے گئے افراد کے اہل خانہ نے بھی ہند-پاکستان میچ پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

ساون پرمار، جنہوں نے اس حملے میں اپنے والد اور بھائی کو کھویا، نے کہا: جب ہمیں پتہ چلا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ ہونے جا رہا ہے تو ہمیں بہت تکلیف ہوئی۔ پاکستان سے کسی قسم کا رشتہ نہیں رکھنا چاہیے۔ اگر آپ کو میچ کھیلنا ہے، تو میرا 16 سالہ بھائی واپس لا دیں، جسے بے شمار گولیاں ماری گئیں۔ آپریشن سندور اب ایک فضول چیز لگتا ہے۔