بھگود گیتا کی روحانی تعلیمات آج کے نوجوانوں کو نئی سمت دے سکتی ہیں: مرمو

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-02-2026
بھگود گیتا کی روحانی تعلیمات آج کے نوجوانوں کو نئی سمت دے سکتی ہیں: مرمو
بھگود گیتا کی روحانی تعلیمات آج کے نوجوانوں کو نئی سمت دے سکتی ہیں: مرمو

 



جمشیدپور
صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعرات کو کہا کہ بھگود گیتا کی روحانی تعلیمات آج کے نوجوانوں کو ایک نئی سمت دے سکتی ہیں اور ان کی زندگی کو بہتر بنا سکتی ہیں۔مرمو جھارکھنڈ کے جمشیدپور کے کدما علاقے میں شری جگن ناتھ روحانی و ثقافتی فلاحی مرکز ٹرسٹ کے سنگِ بنیاد کی تقریب کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کر رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ جگن ناتھ ثقافتی مرکز بھگود گیتا سے حاصل ہونے والی تعلیمات کے فروغ کا ذریعہ بنے گا۔
مرمو نے کہا كہ جمشیدپور میں بھگوان جگن ناتھ مندر روحانی تعلیم اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مرکز ہوگا۔ یہاں ہاسٹل میں لڑکیوں سمیت غریب بچوں کی تعلیم کو یقینی بنایا جائے گا۔صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ بھگود گیتا میں موجود تعلیمات روحانی غذا فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے مجوزہ روحانی مرکز کی تعمیر میں تعاون کرنے والوں کی بھی ستائش کی۔انہوں نے کہا کہ یہ مرکز نوجوانوں میں بھگود گیتا کی تعلیمات کو اپنانے اور ان کی شخصیت کو نکھارنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اس موقع پر مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے کہا کہ اب تک ملک بھر میں 500 سے زائد جگن ناتھ مندر تعمیر کیے جا چکے ہیں۔شری جگن ناتھ روحانی و ثقافتی فلاحی مرکز ٹرسٹ کے منیجنگ ٹرسٹی اور صنعت کار ایس۔ کے۔ بہیرا نے بتایا کہ مجوزہ روحانی مرکز اڑیسہ کے پوری میں واقع بارہویں صدی کے جگن ناتھ مندر کی نقل ہوگا۔یہ مرکز خرکائی ندی کے کنارے 2.5 ایکڑ اراضی پر تقریباً 100 کروڑ روپے کی تخمینی لاگت سے تیار کیا جائے گا۔
اس منصوبے سے جھارکھنڈ میں مذہبی سیاحت کو فروغ ملنے کی امید ہے اور یہ نوجوان نسل کی کردار سازی اور اخلاقی ترقی کے مرکز کے طور پر بھی کام کرے گا۔