لکھنؤ
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کے روز حزبِ اختلاف کی جماعتوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں کی تمجید کرنا اور ملک دشمن عناصر کے حق میں بیانات دینا کسی بھی طرح غداری سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان جماعتوں کا رویہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ان کے دلوں میں ہندوستان کی آستھا کے لیے کوئی احترام نہیں ہے۔
یوگی نے قانون ساز کونسل میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ہندوستان کی آستھا اتر پردیش میں بستی ہے۔انہوں نے کہا كہ ریاست اپنی وراثت پر فخر محسوس کرتی ہے اور وراثت کے ساتھ جڑا ہوا ترقی کا راستہ ہی روشن مستقبل کی بنیاد بنتا ہے، لیکن اگر کوئی اپنے سیاسی مفاد کے لیے ان حملہ آوروں کی تعریف کرے جنہوں نے ہندوستان کی روح پر حملہ کیا اور ہندوستان کی آستھا کو روندنے کا کام کیا، تو آج کا نیا اتر پردیش اسے قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اپوزیشن پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا كہ حملہ آوروں کی تمجید کرنا، ملک دشمن عناصر کے حق میں بیان بازی کرنا اور قومی علامات کے خلاف توہین آمیز تبصرے کرنا کسی بھی طرح غداری سے کم نہیں ہے۔
یوگی نے کہا كہ اگر ہم حملہ آوروں کی تعریف کر رہے ہیں اور قومی علامتوں یعنی ترنگا اور قومی گیت کی توہین کر رہے ہیں، تو ایک طرح سے ہم آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ سماج وادی پارٹی اور کانگریس ایک طرف آئین کے نام پر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہیں اور دوسری طرف وندے ماترم جیسے قومی گیت کی مخالفت کر رہی ہیں۔
یوگی نے الزام لگایا كہ سماج وادی پارٹی اور کانگریس کے ارکان کھلے عام کہہ رہے ہیں کہ وہ وندے ماترم کے لیے کھڑے نہیں ہوں گے۔ یعنی ہندوستان میں رہو گے اور ہندوستان کے قومی ترانے اور قومی گیت کو گانے میں دقت ہوگی؟ یہ بات نہیں چل سکتی۔
انہوں نے کہا كہ مجھے حیرت ہوتی ہے کہ سماج وادی پارٹی کے لوگ غازی (صوفی سنت سید سالار غازی) کے میلے کی حمایت کرتے ہیں۔ غازی ہندوستان کی روایت اور ثقافت کو روندنے کے لیے آیا تھا۔ شراوستی کے اس وقت کے راجہ مہاراجہ سہیل دیو کی قیادت میں ہندو راجاؤں نے اسے شکست دی۔ اصل احترام تو سہیل دیو کو ملنا چاہیے تھا اور ہمیں خوشی ہے کہ ہماری ‘ڈبل انجن’ حکومت نے بہرائچ میں مہاراجہ سہیل دیو کے نام پر ایک شاندار یادگار تعمیر کی ہے۔ یوگی نے سماج وادی پارٹی پر لوک ماتا اہلیہ بائی کے نام پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد لوک ماتا اہلیہ بائی کو اصل احترام ‘ڈبل انجن’ حکومت نے دیا ہے۔
انہوں نے کہا كہ کاشی وشوناتھ دھام میں لوک ماتا اہلیہ بائی کی ایک شاندار مورتی نصب کی گئی ہے، لیکن سماج وادی پارٹی لوک ماتا کے نام پر لوگوں کو گمراہ کر رہی ہے۔ یہ لوگ رام مندر اور کاشی وشوناتھ دھام کی مخالفت کرتے ہیں یا اسی طرح کے عناصر کو فروغ دیتے ہیں۔ یہ رویہ ظاہر کرتا ہے کہ ان کے دلوں میں ہندوستان کی آستھا کے لیے کوئی احترام نہیں ہے۔
وزیر اعلیٰ نے سماج وادی پارٹی پر الزام لگایا کہ اس کے دورِ حکومت میں جنم اشٹمی کی تقاریب، کانور یاترا اور ایودھیا کی 84 کوسی پریکرما کو روکا گیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کانگریس نے تو سپریم کورٹ میں یہ تک کہا تھا کہ رام اور کرشن دونوں ایک تصوراتی کردار ہیں۔
یوگی نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے دور میں رام بھکتوں پر گولیاں چلائی گئیں اور مندر کی تعمیر میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے وکلا تیار کیے گئے، لیکن ہندوستان میں کوئی بھی ہندوستان کی آستھا کو قید کر کے نہیں رکھ سکتا۔ آخرکار آستھا کو فتح حاصل ہوئی اور ایودھیا میں بھگوان شری رام کا شاندار مندر تعمیر ہو گیا۔