نئی دہلی :ایران میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث فضائی حدود کی بندش کے بعد بھارت سے بین الاقوامی پروازوں کو متبادل راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں جس کے نتیجے میں پروازوں میں تاخیر ہو رہی ہے۔
اسی سلسلے میں ایئر انڈیا نے جمعرات کو سفری ہدایت جاری کی جس میں مسافروں کو خطے کے اوپر سے گزرنے والی بین الاقوامی پروازوں میں ممکنہ تاخیر اور بعض پروازوں کی منسوخی سے آگاہ کیا گیا جہاں متبادل راستہ ممکن نہیں۔
ایئر انڈیا کے مطابق ایران میں ابھرتی ہوئی صورتحال اور فضائی حدود کی بندش کے پیش نظر مسافروں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے پروازیں متبادل روٹنگ اختیار کر رہی ہیں جس سے تاخیر ہو سکتی ہے جبکہ چند پروازیں جن کے لیے فی الحال متبادل راستہ ممکن نہیں منسوخ کی جا رہی ہیں۔
ایئر لائن نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہوائی اڈے جانے سے قبل اپنی پرواز کی صورتحال ویب سائٹ پر ضرور دیکھیں۔ ایئر انڈیا نے اس غیر متوقع رکاوٹ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں اور عملے کی سلامتی اولین ترجیح ہے۔
ادھر انڈیگو ایئر لائن نے بھی ایران کی فضائی حدود کی بندش کے باعث بین الاقوامی پروازوں پر اثر پڑنے کی اطلاع دی ہے۔ ایئر لائن نے متاثرہ مسافروں کو ہر ممکن تعاون اور بہتر متبادل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انڈیگو کے مطابق اچانک فضائی حدود کی بندش کے سبب کچھ بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوئی ہیں اور ٹیمیں صورتحال کا جائزہ لے کر مسافروں کی مدد کر رہی ہیں۔ ایئر لائن نے مسافروں سے کہا ہے کہ تاخیر یا منسوخی کی صورت میں ویب سائٹ کے ذریعے لچکدار ری بکنگ یا رقم کی واپسی کے اختیارات استعمال کریں۔
انڈیگو نے کہا کہ یہ صورتحال ایئر لائن کے اختیار سے باہر ہے اور سفری منصوبوں میں رکاوٹ پر افسوس ہے۔ متاثرہ مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ تازہ معلومات کے لیے ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔
اسی طرح اسپائس جیٹ نے بھی سفری ہدایت جاری کرتے ہوئے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی پرواز کی صورتحال ایئر لائن کی ویب سائٹ یا ریزرویشن ہیلپ لائن نمبرز کے ذریعے چیک کریں کیونکہ کچھ پروازیں متاثر ہو سکتی ہیں۔
اس سے قبل پانچ جنوری کو بھارت نے ایران میں جاری احتجاج کے پیش نظر اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایت جاری کی تھی۔ وزارت خارجہ کے مطابق حالیہ پیش رفت کے پیش نظر بھارتی شہریوں کو اگلے نوٹس تک غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔
ہدایات میں ایران میں موجود بھارتی شہریوں اور پی آئی اوز کو احتیاط برتنے مظاہروں کے مقامات سے دور رہنے اور خبروں کے ساتھ ساتھ تہران میں بھارتی سفارت خانے کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا کو مانیٹر کرنے کی تلقین کی گئی تھی۔
وزارت خارجہ نے ایران میں مقیم بھارتی شہریوں کو یہ بھی مشورہ دیا تھا کہ اگر ابھی تک اندراج نہیں کرایا تو بھارتی سفارت خانے میں رجسٹریشن مکمل کریں۔
یہ ہدایات اس وقت جاری کی گئیں جب تہران اور دیگر شہروں میں وقفے وقفے سے احتجاج شروع ہوئے اور مغربی علاقوں میں جھڑپوں میں شدت کی اطلاعات سامنے آئیں۔
یہ مظاہرے دسمبر کے آخر میں معاشی مسائل پر دکانداروں کی ہڑتال سے شروع ہوئے تھے جو بعد میں وسیع تر سیاسی مطالبات میں تبدیل ہو گئے۔ الجزیرہ کے مطابق مہنگائی اور کرنسی کی قدر میں شدید کمی کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج اب ملک گیر بدامنی کی شکل اختیار کر چکا ہے جہاں دو سو اسی سے زائد مقامات پر بے چینی کی اطلاعات ہیں۔